Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

کراچی عوامی مارچ میں بھرپور شرکت پر دردانہ صدیقی کا کراچی کی خواتین سے اظہار تشکر


کراچی یکم جولائی 2019ء: حکمرانوں نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ہے۔تبدیلی کے دعویداروں نے مہنگائی کی بمباری سے عوام کی زندگی اجیرن اور دس ماہ کے اقتدار میں ہی عوامی امیدوں پر پانی پھیردیا ہے۔روزمرہ استعمال کی اشیا ء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے سب سے زیادہ خواتین متاثر ہوئی ہیں، آمدن میں اضافہ کی شرح، مہنگائی سے کئی گنا کم ہے جس کی وجہ سے ماہانہ بجٹ ترتیب دینے میں خواتین کوپریشانی کاسامنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کراچی کی خواتین کی بڑی تعداد نے مہنگائی،بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف جماعت اسلامی کے زیراہتمام عوامی مارچ میں بھرپور شرکت کر کے حکومت کو یہ پیغام دیا ہے کہ شریعت کے نفاذ اور سودی نظام معیشت سے نجات کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کراچی کے کامیاب عوامی مارچ پر اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ اسماء سفیر، ذمہ داران، کارکنان اور کراچی شہر کی خواتین کو کامیاب مارچ پر مبارکباد اور خواتین کی بھر پور شر کت پر کراچی کی خواتین سے اظہار ِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے صنعتی شہر کراچی کی زبوں حالی،تباہ حال انفراسٹرکچر، اداروں میں بڑھتی ہوئی کرپشن اور امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث عوام آج جماعت اسلامی کی عوامی تحریک ”کراچی کو عزت دو“ کے شانہ بشانہ چلنے پر تیار ہو گئے ہیں تاکہ اس تحریک کے ذریعہ کراچی کی کھوئی ہوئی عزت اور ساکھ دوبارہ بحال ہو اور یہ شہر ایک بار پھر اندھیروں سے روشنیوں کی طرف لوٹ آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے آٹے، چینی،گھی اور دالوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے عام آدمی کے لئے دو وقت کی روٹی کا حصول بھی مشکل بنا دیا ہے،آئے دن بجلی اور گیس کے نرخوں اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کے لئے زندگی گزارنا دوبھر کر دیا ہے اور اس پر حکومت کا بجٹ کو غریب نواز کہنا کہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ دردانہ صدیقی  نے کہا کہ ایک طرف وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات میں اضافہ اور دوسری طرف تعلیمی بجٹ میں کمی نے پی ٹی آئی حکومت کے بلندو بانگ دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔حکومت کو چاہیے کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے اور مہنگائی کے اس طوفان کے آگے بند باندھے ورنہ عوام کی طاقت کے آگے اسے اپنی ساکھ بچانا مشکل ہو جائے گی۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس