Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

سندھ حکومت سپریم کورٹ کے ریمارکس کے بعد حق حکمرانی کھوچکی ہے۔ کاشف سعید شیخ


کراچی 21جون2019 ء:جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے بارے میں اعلیٰ عدلیہ کے معزز ججز کے ریمارکس نے پیپلزپارٹی کی دس سالہ حکومتی کارکردگی کو بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے، معزز ججز نے سندھ کو پاکستان کا کرپٹ ترین صوبہ اور عوام کی حالت زار،بجٹ رقم عوامی فلاح وبہبود پر خرچ ہونے کی بجائے کرپشن اور اقرباپروری کی نذر ہونے، لاڑکانہ میں ایڈز اور تھرپاکر میں بھوک، افلاس اور غربت کی وجہ سے ہر سال کئی سو بچوں کی ہلاکت پر جو تبصرہ کیا ہے وہ سندھ حکومت کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے۔ انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے قومی اسمبلی کی تقریر میں ”حساب کتاب چھوڑو آگے بڑھو“ کے مشورے کا مقصد بھی یہی ہے کہ سندھ اور پاکستان میں لوڑ مار کرنے والی قوتوں کو کلین چٹ دی جائے ورنہ جمہوریت خطرے میں پڑجائے گی اور کوئی دوسری قوت اقتدار پر قبضہ کرلے گی، حالانکہ سندھ کے عوام کا استحصال اور قدرتی دولت سے مالا مال سندھ صوبے کے عوام کی غربت اور پسماندگی کی ذمہ دار پیپلزپارٹی کی حکومت ہے جس نے دس سالہ دور حکومت میں اومنی گروپ اور انور مجید جیسے لوگوں کے ذریعے سندھ کے مالی وسائل کی بے دردی سے لوٹا،یونین کونسل سے لیکر وزیراعلیٰ تک سب کرپشن کی حمام میں ننگے ثابت ہوچکے ہیں، سیاسی جماعتوں اور میڈیا نے جب بھی پیپلزپارٹی سے کارکردگی کا سوال کیا تب انہوں نے انتقامی کاروائیوں اور مرکزی حکومت کی ناانصافیوںکے ساتھ سندھ کارڈ استعمال کرکے اپنے بچاﺅ کی کوشش کی لیکن اعلیٰ عدالت کے معزز ججز کی جانب سے سندھ میں کرپشن اور عوام کی بدحالی پر تبصرے نے سندھ میں پیپلزپارٹی کے حکومت کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، کراچی سمیت سندھ کے تمام بڑے شہروں اور دیہات کی خستہ حالی ایک طرف، غریب عوام فاقہ کشی اور خودکشیوں پر مجبور لیکن دوسری جانب پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں اور حکومتی نمائندوں کی دولت میں تیزی سے اضافہ اور کرپشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ جانے سے سندھ حکومت کا ہر شعبہ تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے لیکن بے حس اور مفاد پرست حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی،سپریم کورٹ کے معزز ججز کو چاہئے کہ سندھ حکومت کی کرپشن کو لغام دینے کیلئے کرپٹ افراد کی ضمانتیں رد کرکے انہیں سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالنے کی جرئت نہ کرسکتے۔اعلیٰ عدلیہ کے رمارکس کے بعد مراد علی شاہ اور انکی کابینہ حکومت کرنے کا جواز کھوچکی ہیں اسلئے انہیں فوری طور پر مستعفی ہوجانا چاہئے۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس