Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

ہماری جدو جہد کا اصل مقصد اللہ کی کبریائی قائم کرنا ہے ۔ دردانہ صدیقی


لاہور 15جون2019ء:جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ زمام کار مومنین اور صالحین کے ہاتھ میں دینا ہے اور پوری دنیا کو اسلام کے نظام رحمت سے روشناس کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انقلاب کے لئے جس قربانی اورسرفروشی کی ضرورت ہے وہ اعلیٰ درجے کی اخلاقیات سے ہی ممکن ہے .ہماری جدوجہد کا اصل مقصد اللہ کی کبریائی قائم کرنا ہے۔ اللہ کی زمین پر اللہ کے نظام کی جدوجہد میں اردگرد کے حالات سے باخبر رہتے ہوئے اپنا لائحہ عمل طے کرنا دانشمندی ہے۔وہ جنوبی پنجاب کی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں . بعدازاں مختلف اضلاع کی ناظمات کی نشست سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے جن پانچ باتوں کی کثرت سے تاکید کی , ان میں جماعت کے ساتھ جڑ کر رہنا اور اطاعت امیر کی خاص اہمیت ہے۔سمع و اطاعت اور جہد مسلسل پر مضبوطی سے کاربند رہیں ۔ انسان کا خالق اللہ ہے، لہٰذا نظام زندگی کا ضابطہ مقرر کرنے کا حق بھی اسی کو ہے۔قبل ازیں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی خواتین پاکستان دردانہ صدیقی اور ڈپٹی سیکریٹری ڈاکٹر حمیرا طارق جنوبی پنجاب کے دو روزہ دورہ پر بہاولپور پہنچیں جہاں انہوں نے سابق امیر جماعت اسلامی اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر کے اہل خانہ سے ان کے گھر پر ملاقات اور اظہار تعزیت کی انکی اہلیہ ڈاکٹر ثمینہ روحی وسیم اور اہل خانہ سے تعزیت کی .ان کی وفات پر دلی رنج اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دردانہ صدیقی نے کہا کہ مرحوم جماعت اسلامی کا انمول ہیرا اور عظیم بطل جلیل تھے۔وہ ان خوش نصیبوں میں سے تھے جو اللہ سے کیے گئےوعدے کو وفا کر کے اپنی نذر پوری کر گئے۔رب کریم ان کو بہتریناجر دے گا۔ انہوں نے مرحوم کی بیوہ کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ پوری تحریک اسلامی کے لئے یہ غم کے لمحات ہیں۔عظیم قیادتیں لمبے اوقات کی محنتوں کے نتیجے میں تیار ہوتی ہیں .اللہ نے اپنے بندے سے ملاقات کے لیے مبارک مہینہ,نجات کا عشرہ اور برکتوں والی رات منتخب کی ۔ عزیز واقارب سے تعزیتی گفتگو کرتے ہوئے دردانہ صدیقی نے کہا کہ ڈاکٹر صاحب جیسا فرد قوم کا قیمتی سرمایہ تھا کیونکہ قوم کو ایسی لیڈر شپ میسر ہی نہیں. آخر میں مرحوم کی عوامی و تحریکی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے بلندی درجات کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر ناظمہ جنوبی پنجاب تسنیم سرور اور نائب ناظمہ پنجاب فوزیہ عرفان بھی موجود تھیں۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس