Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

معیشت حکومت کی گرفت سے نکل کر آئی ایم ایف کے کنٹرول میں چلی گئی ہے۔سینیٹر سراج الحق


لاہور16مئی 2019 ء:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ معیشت حکومت کی گرفت سے نکل کر آئی ایم ایف کے کنٹرول میں چلی گئی ہے۔وزیر اعظم اور کابینہ کے فیصلے کے باوجود ڈالر کا 148پر پہنچنا اس بات کی علامت ہے کہ اب ہماری کرنسی کے ساتھ وہی ہوگا جو آئی ایم ایف چاہے گا۔وزیر اعظم اور ورزاءاب گھروں میں بیٹھ کر اخبار سے دیکھا کریں گے کہ آج ڈالر کا ریٹ کیا ہے۔ڈالر کی تاریخی اڑان نے پاکستانیوں کے اوسان خطاکردئیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سیف اللہ گوندل ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔
    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ یہ المیہ ہے کہ آج ہماری معیشت کے فیصلے عالمی مالیاتی ادارے کررہے ہیں اور ہماری حکومت بے بسی سے ہاتھ مل رہی ہے۔ڈالر کی قیمت میں بے پناہ اضافے اور پاکستانی روپے کی ناقدری سے عام پاکستانی کے لیے سانس لینا مشکل ہوجائے گا۔مہنگائی کا سیلاب جو پہلے ہی تھمنے میں نہیں آرہا تھا سونامی بن کر ہر چیز تہس نہس کردے گا۔گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونگے اور لوگ فاقوں سے مریں گے۔پیٹرول کی قیمتوں سے اضافے سے پہیہ جام ہوگا اور معیشت کا پیسہ الٹا گھومے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے قرضوں نے عوام کی نیند حرام کر دی ہے۔حکمران اتنے نااہل اور بے حس ہونگے یہ کسی نے سوچا بھی نہیں تھا۔اب تو پی ٹی آئی کوووٹ اورسپورٹ دینے والے اپنے ہاتھوں کی انگلیاں کاٹ رہے ہیں پی ٹی آئی کو ووٹ دینے کا خمیازہ ان کے ساتھ پوری قوم کو بھگتنا پڑررہا ہے۔تبدیلی کا مطلب معیشت کا پہیہ الٹا گھومنا ہے۔
 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس