Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اسٹیٹ بنک، ایف بی آر اور وزارت خزانہ پر اجنبیوں کا قبضہ ہوگیاہے ۔لیاقت بلوچ


لاہور15مئی 2019ء:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سیاسی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے لاہور میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان حکومت نے قومی معیشت آئی ایم ایف کے سامنے سرنڈر کردی۔ اسٹیٹ بنک، ایف بی آر اور وزارت خزانہ پر اجنبیوں کا قبضہ ہوگیاہے اور اب ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے ماضی کی شدید غلطی کو پھر دہرادیا گیاہے۔ اگر ماضی میں حکومتوں کے ایسے اقدام حرام اور جرم تھے تو آ ج کی حکومت بھی اسی جرم میں شریک ہوگئی ہے۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری، مہنگے یوٹیلٹی بلز سے تنگ آمد بجنگ آمد کے لیے تیار ہیں۔ روپے کی قدر میں مسلسل کمی، اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار تباہ اور اب بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی خبر ہوشربا ہے۔انہوں نے کہاکہ عمران حکومت ہر لمحہ عوام کو نیا جھٹکا لگائے جارہی ہے۔ حکومتی اقدامات سے واضح ہوگیاہے کہ آئندہ بجٹ آئی ایم ایف ہی تیار کرے گا اور آئی ایم ایف کا تیار کردہ بجٹ پارلیمنٹ کے سامنے پیش کردیا جائے گا۔ہر وہ قوت جس نے عمران خان کو حکومت میں لانے کے لیے سرمایہ لگایا، اب وہ سود سمیت اپنا سرمایہ واپس لے رہے ہیں، عملاً عوام ہی پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی رمضان پروگرامات میں عوامی مسائل اجاگر کرے گی اور عید الفطر کے بعد ملک گیر احتجاج منظم کرے گی۔
    لیاقت بلوچ نے تحریک لبیک کے سربراہ سید خادم حسین رضوی کی ضمانت پر رہائی کے فیصلہ کا خیر مقدم کیاہے اور کہاہے کہ عدالتی فیصلہ سے واضح ہوگیا کہ حکومت کا عمل غیر قانونی اور غیر جمہوری تھا۔ انہوں نے کہاکہ دینی جماعتیں اور محب دین کارکنان ہی پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے بااعتماد قوت ہیں۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس