Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

تبدیلی کے نام پر عوام کا خون نچوڑا جارہا ہے اور سا تھ ہی صبر کی تلقین کی جارہی ہے۔سینیٹرسراج الحق


لاہور 09مئی 2019 ء:
    امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف جس طر ح دھڑا دھڑ اپنی شرطیں منوارہا ہے خدشہ ہے کہ کہیں وہ وزارت عظمیٰ نہ مانگ لے۔آئی ایم ایف کی حکومت بنادی گئی ہے۔اب جو کچھ آئی ایم ایف کرے گا ہم اسے دیکھیں گے۔عوام نے آئی ایم ایف کی طرف سے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا ہے۔حکومت نے آئی ایم ایف کے مطالبے پر پہلے ہی مہنگائی میں اتنا اضافہ کردیا ہے کہ عام آدمی کے چہرے پر ہوائیاں اڑنا شروع ہوگئی ہیں لوگوں کے لیے سحری اور افطاری کرنا مشکل ہو گیا ہے۔لوگ افطاری اور سحری کے وقت حکمرانوں کو کوس رہے ہوتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔   
    سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سابقہ حکومتوں سے آئی ایم ایف اپنی شرائط اور مطالبے منواتا تھا جبکہ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے لوگوں کو اعلیٰ عہدے دیکر اسے حکومت میں شریک کررہی ہے۔معیشت کا مکمل کنٹرول آئی ایم ایف نے سنبھال لیا ہے ۔اب وہ جتنی چاہے روپے کی قدر میں کمی کرے اسے کوئی روکنے والا نہیں ۔روپے کی بے قدری سے ناصر ف بیرونی قرضوں میں کھربوں روپے کا اضافہ ہوگا بلکہ ملک کے اندر مہنگائی اور افراط زر کا وہ طوفان آئے گا کہ لوگوں کے لیے زندہ رہنا مشکل ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ غریب تو پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں خود کشیوں پر مجبور ہیں ۔اب رہی سہی کسر بھی پوری ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر عوام کا خون نچوڑا جارہا ہے اور سا تھ ہی صبر کی تلقین کی جارہی ہے۔اتنی بے حس اور ظالم حکومت شاید ملکی تاریخ میں پہلے نہیں دیکھی جس نے لوگوں کے لیے حج اور روزے جیسی عبادتوں کو بھی مشکل بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام فاقوں پر مجبور ہے اور حکمران روزانہ خوشخبریاں سناتے ہیں کہ آئی ایم ایف سے ڈیل فائنل ہوگئی ہے۔
    سینیٹر سراج الحق نے معاشرے کے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ارد گرد غرباءو مساکین کا خیال رکھیں،اپنے اڑوس پڑوس میں جاحت مندوں کی ضروریات پوری کریں غریبوں کو اپنی سحری اور افطاری میں شریک کریں تاکہ وہ بھی رمضان کی رحمتوں اور برکتوں کو سمیٹ سکیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو خدا کا خوف ہونا چاہیے جن کی وجہ سے کروڑوں لوگ پریشان اور مشکلات کاشکار ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ آٹے ،گھی،چینی اور دالوں کو فوری طور پرسستا کیاجائے تاکہ لوگ آسانی سے روزے رکھ سکیں۔           
 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس