Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

ہمیں رمضان المبارک اس طرح گزارنا چاہیے کہ ہمارا رب ہم سے راضی ہو جائے ۔سینیٹر سراج الحق


لاہور6مئی2019 ء:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے رمضان المبارک کے حوالے سے قوم کے نام پیغام میں کہاہے کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی رحمتوں ، بخششوں اور جہنم سے آزادی کا پیغام لے کر ایک بار پھر ہم پر سایہ فگن ہے ۔ ہمیں رمضان المبارک کی ایک ایک ساعت اور گھڑی کو غنیمت جانتے ہوئے اس طرح گزارنا چاہیے کہ ہمارا رب ہم سے راضی ہو جائے ۔ رمضان المبارک باہمی محبت و اخوت ، بھائی چارے ، ایثار و قربانی ، ہمدردی اور غمگساری کامہینہ ہے ۔ہمیں اپنے پڑوس میں رہنے والے حاجت مندوں ، مساکین ، بیواؤں اور یتیموں کی دست گیری کرتے ہوئے ان کی ضروریات کا خیال رکھناچاہیے اور رمضان کی خوشیوں اور برکتوں میں ان کو شامل کرناچاہیے۔
    سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں رمضان المبارک کی 27 ویں رات وطن عزیز پاکستان اپنے ایک خصوصی انعام کی صورت میں عطا فرمایا تھا ۔ اس کی حفاظت اور اسے اللہ کے احکامات کے مطابق اسلامی ملک بنانا اور چلانا ہماری ذمہ داری ہے ۔ ہمارے اسلاف نے حصول پاکستان کے لیے لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور تاریخ انسانی کی سب سے بڑی ہجرت کی ۔ پاکستان کے لیے قربان ہونے اور اپنا سب کچھ چھوڑ کر ہجرت کرنے والوں کا ایک ہی نعرہ،پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ تھا ۔قیام پاکستان سے اب تک 73 سالوں میں ایک لمحہ اور ایک دن کے لیے بھی پاکستان میں اللہ کے نظام کو نہیں آزمایا گیا ۔ ہم نے نام نہاد جمہوریت اور بدترین آمریت کو تو بار بار گلے لگایا مگر جس نظام کے لیے پاکستان بنایا تھا اس سے بے وفائی اور روگردانی کرتے ہوئے اسے پس پشت ڈالے رکھا جس کی وجہ سے آج ملک و قوم اللہ کے غضب کا شکار اور مسائل کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ ہمیں اس ماہ مبارک میں سچے دل سے اللہ سے توبہ و استغفار کرتے ہوئے ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کے عہد کو پورا کرنے کے لیے جدوجہد کو تیز کرناہوگا تاکہ ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کیا جاسکے ۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس