Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ قابل مذمت اور شرمناک ہے ۔ذکراللہ مجاہد


  لاہور2 مئی 2019ء:امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ کھانے پینے اور استعمال کی عا م اشیاء ٹماٹر، پیاز، آلو ،دالیں، مرغی کے گوشت اور ملبوسات سمیت دیگر اشیا ء کی قیمتوں میں اضافے سے غریب اور متوسط طبقات کے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہوچکے ہیں جس کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتی ہے۔ ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، اس لئے ضروری ہے کہ حکومت مہنگائی کو کم کرنے کیلئے فی الفور اقدامات کرے اور مارکیٹوں ، بازاروں میں مانیٹرنگ کرکے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کرنے والوں کے سدباب کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ رو زانہوں نے پی پی 160 میں عہدیداران کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، امیر علاقہ جنوبی لاہور خالد احمد بٹ ، امیر پی پی احمد سلمان بلوچ و دیگر عہداران نے شرکت کی ۔انہوں نے مزید کہاکہ دنیا کے تمام ممالک میں مذہبی تہوار پر عوام کو ریلیف فراہم کیا جاتا ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے ملک میں گنگا الٹی بہتی ہے ۔ موجودہ حکومت بھی گزشتہ حکومتوں کی طرح عوام پر کسی نہ کسی مد میں مہنگائی کا بم گرارہی ہے جس سے رمضان المبارک سے قبل ہی مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ متعدد بار پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد ایک بار پھر پیٹرول مہنگا کرنے کی تجاویز قابل مذمت ہے اگر ایسا ہوا تو مزید مہنگائی کا طوفان برپا ہو گا اور عوام بنیادی ضروریات سے بالکل محروم ہوجائیں گے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ریکارڈ توڑ مہنگائی کر کے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے، عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں باوجود اس کہ قیمتوں میں اضافے سے غریب اور متوسط گھرانوں کے چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں۔ ذکر اللہ مجاہد نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے باز رہے اور رمضان سے قبل پرائس کنٹرول کمیٹیوں کوفعال کرے اور ذخیرہ اندوزوں کو زیادہ منافع خوری سے باز رکھے، اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں اضافے سے روکا جائے اور ایسے عناصر پر گرفت کی جائے جو ذخیرہ
اندوزی کر کے زیادہ منافع کماتے ہیں۔

Youtube Downloader id

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس