Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

حرمین شریفین کی حفاظت عالم اسلام کی مشترکہ ذمہ داری اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ سینیٹرسراج الحق


 لاہور 5اپریل 2019ء: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مدینہ منورہ میں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سامراج مسلم ورلڈ کودومتحارب گروپوں میں تقسیم کرنا چاہتا ۔ پاکستان کو دولخت کرنا، ایران عراق جنگ،عراق پر قبضہ ،سوڈان اور انڈونیشیاکی تقسیم اور لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام امریکی گریٹ گیم تھی۔پاکستان عالم اسلام کا انتہائی اہم ملک اور ایٹمی طاقت ہے ، عالمی سامراج کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے پاکستان کو امت کی طرف سے قائدانہ کردارادا کرنا ہوگا۔ پاکستان اپنا یہ کردار اسی وقت ادا کرسکتا ہے جب ملک میں دیانتدار با کردار اور اسلامی اصولوں پر عمل پیراقیادت برسرا قتدار آئے گی۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے عقیدت و محبت کا مرکز ہے ،حرمین شریفین کی حفاظت عالم اسلام کی مشترکہ ذمہ داری اور ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ عالم اسلام میں تنازعات پیدا کرنا اسلام دشمن قوتوں کی سازش ہے جسے ناکام بنانے کیلئے عالم اسلام کو نہایت سنجیدگی اور تدبر کا مظاہرہ کرنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ مسلم ملکوں میں جنگ کا فائدہ ہمیشہ امریکہ اور اسرائیل کو ہوتا ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اس وقت بدترین معاشی حالات سے دوچار ہے ،اب تک کے حکومتی اقدامات نے ثابت کردیا ہے کہ حکومت کے پاس معیشت کوٹھیک کرنے کا کوئی منصوبہ اور وژن نہیں ،پہلے جو ٹیکس وصول ہوتے تھے موجودہ حکومت وہ بھی وصول نہیں کرپا رہی ۔ مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ ابھی تو مہنگائی کم ہے ،عوام کو مزید مہنگائی کیلئے تیار رہنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے عام آدمی کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے ،لوگوں کیلئے پہلے دوائی خریدنا مشکل تھا اب بچوں کیلئے کتابیں خریدنا بھی ممکن نہیں رہا ۔حکومت نے علاج کے ساتھ ساتھ عوام سے تعلیم کی سہولت بھی چھین لی ہے ۔وزیر اعظم کہتے تھے کہ ہم سکولوں سے باہر اڑھائی کروڑ بچوں کو سکولوں میں لائیں گے مگر صورتحال یہ ہے کہ جو بچے سکولوں میں ہیں ان کیلئے کتابیں خریدنا مشکل ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مفاد پرست ٹولے نے قوم کی امنگوں کا خون کیا ہے ،پی ٹی آئی نے محض اقتدار کے شوق میں ملک کا مستقبل تاریک کردیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تیل گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام سے جینے کا حق نہ چھینا جائے ۔انہوں نے کہا کہ جو بھی حکومت آتی ہے وہ عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیتی ہے ۔پی ٹی آئی نے ابھی تک اپنے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں میں سے کسی ایک پر بھی عمل نہیں کیا۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس