Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

انسانی زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں 300فیصد تک اضافہ قابل مذمت ہے۔ذکراللہ مجاہد


 لاہور 4 اپریل 2019ء:امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ انسانی زندگی بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں ایک بار پھر 300 فیصد تک اضافہ اور سرکاری ہسپتالوں میں غریب عوام کیلئے مفت ٹیسٹوں کی سہولیات ختم کرنا افسوسناک اور قابل مذمت ہے ایسے ملک میں جہاں غریب اور متوسط لوگوں کی اکثریت علاج معالجہ کی سہولیات سے محروم ہو وہاں ادویات کی قیمتوں میں بار بار اضافہ اور سرکاری ہسپتالوں میں ٹیسٹوں کی مفت سہولیات ختم کرنا غریب مریضوں کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں افراد سازی کے حوالے سے ہونے والے منعقدہ اجلاس میں عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبران کمیٹی افراد سازی جماعت اسلامی لاہور عبدالرشید مرزا ، وسیم اسلم قریشی ، اسلم شاہین، سطوت کلیم ، مشہو دخان ، احمد رسول ، احمد طور و دیگر ذمہ داران شریک تھے ۔ ذکر اللہ مجاہد نے حالیہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادویات کی قیمتوں کے اضافے کا مطلب غریب مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات سے محروم کرنا ہے ۔بجلی، گیس، پٹرول اور ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد دل،گردے، جگر سمیت سر درد کی ڈپسرین تک کی قیمت میں 300 فیصد اور سرکاری ہسپتالوں میں مفت ٹیسٹوں کی سہولیات کو ختم کرنا شرمناک اور قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت 22کروڑ عوام کو انسانی بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنے کی بجائے کمر توڑ مہنگائی کر کے ان سے جینے کا حق بھی چھین رہی ہے۔ ہمارے حکمران معاشی ترقی کے نام پر قوم کو مسلسل بے وقوف بنا رہے ہیں جبکہ سٹیٹ بنک آف پاکستان اورایشیائی بنک کی پاکستانی معیشت کے حوالے سے رپورٹ انتہائی خطرناک حد تک مہنگائی کی نوید سنا رہی ہے جو لمحہ فکریہ ہونے کے ساتھ تبدیلی سرکار کی کارکردگی کو کھل کر بیان کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فارما انڈسٹری اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی عوام دشمن ملی بھگت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب مریضوں کیلئے علاج معالجہ کی سہولیات چھین لی ہیں جس سے مریضوں میں شدید بے چینی اور مایوسی پیدا ہو گئی ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ہاتھوں عوام پہلے ہی پریشان ہیں ، مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے،تبدیلی سرکار کو عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں بلکہ زبانی جمع خرچ کرکے قوم کو بے وقوف بنایا جا رہاہے۔ ذکر اللہ مجاہد نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کی کہ حالیہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ اور سرکاری ہسپتالوں میں مفت ٹیسٹوں کی سہولیات ختم کرنے کا از خود نوٹس لیکراضافے اور پابندی کو روکنے کا حکم صادر فرمائے بصورت دیگر غریب و متوسط طبقہ جس کے کیلئے علاج کی سہولتیں پہلے ہی ناپید ہیں اسے اب
مارکیٹ سے مہنگی دوائیں خریدنے کی سکت نہ ہونے کی وجہ سے بے بسی و لاچاری سے موت کا سامنا کرنا ہو گا ۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس