Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔میاں عتیق الرحمن،ڈاکٹرمحمدانور


فیصل آباد 3 اپریل 2019ء:جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113 کے امیر راناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن،نائب امیر ڈاکٹرمحمدانورنے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر حکومت کا ڈرون حملہ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان برپا ہوگا، اسے فی الفور واپس لیا جائے۔ جماعت اسلامی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کو مسترد کرتی ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی تو ان کی زندگی کو اجیرن بھی مت بنائے۔ دو ماہ میں پیٹرول10 روپے 75 پیسے مہنگا کردیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام پر عرصہ حیات تنگ کردیا ہے۔ ملکی تاریخ میں اتنی مہنگائی کبھی نہیں دیکھی گئی، جتنی موجودہ حکومت نے اپنے دور اقتدار کے آٹھ ماہ میں کردی ہے۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ مہنگائی میں دو سو فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ پاکستان کی معیشت سکڑ کر 280 ارب ڈالر کی رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عو ا م کاغم و غصہ حکمرانوں کی ناعاقبت اندیش پالیسیوں کے خلاف بڑھتا جارہا ہے، لوگ مایوس ہوچکے ہیں۔ اگر حکمرانوں نے اپنی روش نہ بدلی تو حکومت کے لیے الٹی گنتی شروع ہوجائے گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے سے ہر چیز کی قیمت بڑھے گی، جس کا سار بوجھ براہ راست عوام پر پڑے گا۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکمرانوں نے غربت کے بجائے غریب مکاؤ پروگرام شروع کر رکھا ہے۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس