Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

پیٹرولیم مصنوعات ، بجلی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ذکراللہ مجاہد


لاہور /2 اپریل 2019ء:امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات ، بجلی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا مطلب اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہے، حکمران آئی ایم ایف کی ایما ء پر ضروریات زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور ٹیکسز لگا کر عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس رہے ہیں اور روز گار دینے کی بجائے روز گار چھین رہے ہیں جس کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتی ہے۔ ان خیالا ت کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے پریس کلب لاہور کے باہر جے آئی یوتھ لاہور کے زیر اہتمام پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاجی مظاہر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف ، سیکرٹری جے آئی یوتھ لاہور قدیر شکیل ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف سمیت جے آئی یوتھ لاہور کے نوجوانوں نے بھر پور شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں کے ستائے ہوئے عوام نے تبدیلی کے نعرے پر آنے والی حکومت سے بہت سی توقعات وابستہ کر رکھی تھیں اور خود حکومت نے بھی پاکستان کو مدینے کی اسلامی ریاست بنانے، ایک کروڑ نوجوانوں کو ملازمتیں دینے اور 50 لاکھ بے گھر افراد کو گھر دینے کے سہانے خواب دکھائے تھے مگر جیسے جیسے وقت گزر رہاہے عوام کی امیدیں دم توڑ رہی ہیں اور غریب عوام کو مہنگائی کے ذریعے دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2019 ء کے بجٹ سے پہلے مہنگائی کا یہ طوفان عوام پر ظلم و بربریت ہے ۔ ملک میں مہنگائی 5سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جبکہ ہمارے حکمران سابقہ حکومتوں کو نشانہ بناتے ہوئے معیشت کے نام پر قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں ۔گذشتہ سال کی نسبت اشیاء ضروریہ جن میں ٹماٹر 315فیصد ، سبز مرچ 151 فیصد ، مٹر 54 فیصد مہنگے ہوئے اور اشیائے خوردونوش کی بات کی جائے تو دال مونگ 22، چینی 18 اور گوشت 13 فیصد مہنگا ہوا ہے اور حالیہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے دالوں کی قیمت میں فی کلو 25روپے بڑھا دیئے ہیں جن میں دال ماش،دال چنا اور دال مسور فی کلو 10 روپے مہنگی کر دی گئی ہے اور چاول کی قیمتوں میں فی کلو 50روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے ۔ گھریلو استعمال میں اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 3.50روپے فی کلو گرام اضافہ کر دیا ہے جس سے ایل پی جی کی فی کلو نئی قیمت 133.50 ر و پے ہو گئی جس سے گھریلو سلنڈر 1564روپے جبکہ کمرشل سلنڈر 6 ہزار 61 روپے کا ہوگیا ہے احتجاجی مظاہرے میں قائدین نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پیڑولیم مصنوعات ،بجلی سمیت ایل پی جی کی حالیہ قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لے اور اس میں لگائے گئے بے جا ٹیکسز کو ختم کرتے ہوئے پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں کو عالمی منڈی کے مطابق صحیح اور حقیقی قیمتوں پر واپس لائے ۔اگر
حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو عوام سٹرکوں پر نکلنے کیلئے مجبور ہوں گے ۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس