Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

موجودہ حکومت نے اب تک صرف مہنگائی میں اضافے اور شہریوں کو بے روزگار کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا


کراچی 29؍مارچ2019ء:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے مئیر کراچی وسیم اختر کی جانب سے کراچی میں مزید 2000دکانیں گرانے کے اعلان پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ وسیم اختر نے پہلے ہی 6000 دکانوں اور جائز مارکیٹوں کو بلاجواز مسمار کرکے ہزاروں شہریوں کو بے روزگار کیاہے لیکن انتخابات میں عوام کی جانب سے مسترد کرنے پر ایم کیو ایم کی انتقام کی آگ مزید بھڑک اٹھی اور اب مزید ہزاروں شہریوں کے گھروں کے چولہے بجھانے کی سازش ہورہی ہے ۔ مہنگائی اور بے روزگاری کے اس دور میں 2000دکانیں گرانے کی حرکت کوئی حکومت یاذمہ دار شخص سوچ بھی نہیں سکتا۔ اب تک جتنی بھی مارکیٹیں مسمار کی گئیں ان کے زیادہ تر مالکان کے پاس قانونی دستاویزات موجود ہیں اور وہ باقاعدگی سے بلدیہ کراچی کو کر ایہ ادا کرتے رہے ہیں یا لیز ان کے پاس موجود ہے ۔انہوں نے کہاکہ کے ایم سی ، سندھ یا وفاقی حکومت کسی نے بھی اب تک تجاوزات کے نام پر مسمار کی جانے والی دکانوں کے مالکان کو وعدے کے مطابق متبادل دکانیں فراہم نہیں کیں بلکہ سب کے وعدے محض دھوکہ اور احتجاج کو روکنے کے لیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پارکوں، میدانوں اور رفاعی پلاٹوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ لیکن لگتا ھے کہ ادھر سے توجہ ہٹانے کے لئے شہریوں کی دکانوں، مارکیٹوں اور ان کے گھروں کو مسمار کرنے کی باتیں ہورہی ہیں۔ پارکوں کو واگزار کرانے کی ذمہ داری سپریم کورٹ نے وسیم اختر پر عائد کی تھی ویسے بھی قبضوں میں ان ہی کی جماعت ملوث تھی۔ جن لوگوں نے چائنا کٹنگ کے نام پر قبضہ کیا اور پارکوں اور میدانوں کی اراضی کو لیز کر کے فروخت کردیا، انہیں کٹہرے میں لایا جائے اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ موجودہ حکومت نے اب تک صرف مہنگائی میں اضافے اور شہریوں کو بے روزگار کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔حکومت اور ریاست کاکام ہے کہ شہریوں کو روزگار اور چھت اور صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرے لیکن موجودہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے ان کے سروں سے چھت چھیننے میں تْل گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کہ ایم کیو ایم اور حکومت اس گھناؤنے اقدام سے باز رہے ،جماعت اسلامی شہریوں کے ساتھ ہے لوگوں کو بے روزگار اور بے گھر کرنے کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔#

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس