Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

دنیا میں جو بھی تبدیلیاں اور انقلابات رونما ہوئے ان سب میں طلبہ کا کردار اظہر من الشمس ہے۔ناظم اعلی جمعیت


لاہور 23مارچ2019ء: مسلمانان برصغیر نے قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں قیام پاکستان کی تاریخ ساز جدوجہد میں حصہ لیا۔ دو قومی نظریے کی بنیاد پر چلنے والی تحریک پاکستان میں طلباوطالبات کا کردار سب سے نمایاں تھا۔ان خیالات کااظہارناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان محمد عامر نے صوبائی تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔محمد عامرنے کہا کہ انقلاب عالم میں نوجوانوں اور بالخصوص طلبہ کے کردار کو فراموش کر دیا جائے، تو یہ تاریخ کے ساتھ سنگین بدیانتی کے مترادف قرار پائے گا۔ قیام پاکستان کی جدوجہد میں بھی طلبہ نے جو کردار ادا کیا، خود قائد اعظمؒ نے کھلے بندوں اس تحریک پاکستان کے اہم سنگ میل کے طور پر بیان کیا۔بلامبالغہ دنیا میں جو بھی تبدیلیاں اور انقلابات رونما ہوئے خواہ ان کی نوعیت سیاسی ہو یا سائنسی، معاشی ہو یا سماجی ان سب میں طلبہ کا کردار اظہر من الشمس ہے۔ پاکستانی طلبہ اپنی صلاحیت اور علم و شعور کی بنیاد پر دنیا بھر میں ایک قابل قدر مقام رکھتے ہیں۔ان کی پہچان جہاں تعلیمی میدان میں ان کے کارہائے نمایاں ہیں وہیں اسلامی و نظر یاتی تشخص بھی ان کو پوری دنیا میں دوسروں سے ممتاز کرتا ہے۔ آج پاکستان کی کل آبادی کا 63فیصد یہ نوجوان جہاں ایک جانب امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز و محور ہیں وہیں طاغوتی طاقتوں کی آنکھوں میں بھی کانٹے کی طرح کھٹک رہے ہیں،لیکن پروپگنڈے کے طوفان کے باوجود طلبہ پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ، تعلیمی اداروں میں مثبت روایات کو پروان چڑھانے، تعلیمی دنیا میں ایک دوسرے کے معاون و مددگاربننے اور مایوسی کے مجموعی ماحول میں پوری قوم کو امید اور تعمیر کا پیغام دے کر منظم کرنے کی جو جدوجہد کر رہے ہیں، اسلامیانِ پاکستان کو اس پر فخر بھی ہے اور ان کی کامیابی کے ان گنت ہاتھ محو دعا بھی ہیں۔بلاشبہ اسلامی جمعیت طلبہ مبارکباد کی مستحق ہے، جس نے ان نوجوانوں کو بامقصد زندگی گزارکر رب کی رضا حاصل کرنے کے لئے ایک موثر اور ملک گیر پلیٹ فارم مہیا کیا۔ 1947ءمیں قیام پاکستان کے ٹھیک 4ماہ بعد وجود میں آنے والی اس تنظیم نے جن اصولوں پر اپنی جدوجہد کی بنیاد رکھی وہ آج بھی روشن میناروں کی طرح اس تنظیم سے وابستگان کی راہنمائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اورہماری نئی نسل بہت باصلاحیت ہے۔ ایسے باصلاحیت نوجوانوں کی موجودگی میں پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس