Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ بلاجواز اور ناقابل قبول ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن


کراچی ؍02مارچ 2019ء:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرول اورپھر گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کو بلا وجہ ‘ ناقابل قبول اور عوام پر بدترین ظلم کے مترادف قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ چند پیسوں کی کمی کے بعد پیٹرول کی قیمتوں میں اس ماہ 4روپے سے زائد بلا جواز اضافہ سراسر ظلم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عالمی مارکیٹ میں خریداری کے مقابلے میں دوگنے داموں پر پیٹرول فراہم کر رہی ہے اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے اثرات عوام کے زیر استعمال تمام اشیاء پر پڑتے ہیں۔ مسائل کے مارے عوام جن کی قوت خرید حکومت کی ناقص معاشی پالیسوں اور کرپشن کے نتیجے میں پہلے ہی جواب دے چکی ہے ۔ایسی صورتحال میں پیٹرول کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ اور گیس کی قیمت میں اضافے کے لیے اوگرا کی تجاویز قطعاً ناقابل قبول ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ختم کر نے کے وعدوں اور اربوں روپے کی بچت کے دعوؤں کے بعد خزانے کو بھرنا چاہیئے تھا اور اشیاء صرف کی قیمتوں میں کمی آنی چاہیئے تھی لیکن اس کے برعکس قیمتوں میں تاریخی اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہر آنے والی حکومت گزشتہ حکومت کی نا اہلی اور کرپشن کا رونا رو کر عوام پر مزید بوجھ ڈال دیتی ہے یہ سلسلہ اب ختم ہو نا چاہیے ۔ ایسا نہ ہو کہ عوام کی قوت برداشت ختم ہو جائے اور یہ پسے ہوئے لوگ تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق گھروں سے نکل کر احتجاج کر نے پر مجبور ہو جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوام کو سہولتیں بہم پہنچانے میں حکومت کی ناکامی کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی اقدام سے قطعی گریز نہیں کرے گی اور اگر ضرورت پڑی تو یہ معاملہ اسمبلیوں اور سڑکوں پر ہر جگہ اُٹھائیں گے ۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس