Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو جماعت اسلامی پاک فوج کے شانہ بشانہ ہوگی۔ذکراللہ مجاہد


لاہور27 فروری 2019ء:امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان خطے میں ناقابل تسخیر پر امن ملک ہے ، ہمارے ازلی دشمن بھارت کی جانب سے پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو جماعت اسلامی سمیت پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے الخدمت سکولز لال پل کیمپس کی سالانہ تقریب کے موقع پرشرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ،ڈائریکٹرالخدمت سکولز زبیر صدیقی ، ایڈمنسٹریٹر شاہد ملک ،یوسی 144 کے امیر حافظ اسحاق سمیت بڑی تعداد میں اہل علاقہ اور بچوں کے والدین نے شرکت کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا دین امن اور سلامتی کا دین ہے جو انسانوں کے حقوق تو ایک طرف جانوروں کے حقوق کا تحفظ بھی کرتا ہے ۔ بحیثیت مسلمان ہم امن کے علمبردار ہیں مگر ہمارا دشمن بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ستر سال گزرنے کے باوجود مظلوم کشمیر ی عوام اپنی آزادی کے لیے عالمی برداری کی توجہ کی منتظرہے ۔ بھارتی فوج کشمیر میں انسانی حقوق کے عالمی قوانین کو پاؤں تلے روندتی ہوئی کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے مگر اقوام عالم اپنا کردار ادا نہیں کر رہی اس کے باوجود کشمیریوں نے پوری دنیا پر ثابت کیا کہ ظلم و جبر کا کوئی بھی ہتھکنڈا انھیں آزادی کے مقصد سے نہیں ہٹا سکتا۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے بھارتی جارحیت کے منہ توڑ جواب کے بعد وزیر اعظم پاکستان کے قوم سے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ۔ بھارت کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کے جواب میں جماعت اسلامی اور پوری قوم حکومت اور پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے ۔ 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس