Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

سندھ حکومت کرپشن کی دلدل میں ڈوبی ہوئی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے گود میں بھی کھوٹے سکے ہیں


کراچی10فروری2019  سندھ اور پی ٹی آئی کی مرکزی حکومت نوجوانوں کو حقوق دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا جارہا ہے، سندھ حکومت کرپشن کی دلدل میں ڈوبی ہوئی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے گود میں بھی کھوٹے سکے ہیں ، پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی حکومت کی کابینہ کا بڑا حصہ پیپلزپارٹی اور مشرف دور کے وزراءپر مشتمل ہے جن سے عوام کی بہبود اور بھلائی کی امید رکھنا عبث ہے،احتساب سب کیلئے ہونا چاہئے ،پی ٹی آئی کی صفوں میں شامل کالی بھیڑوں کیخلاف بھی نیب کے اقدامات لازمی ہونا انتہائی ضروری ہے ورنہ قوم احتساب کو انتقام سمجھے گی۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان کی نوجوانوں کی تنظیم جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر احمد گوندل نے قباءآڈیٹوریم میں جے آئی یوتھ سندھ کی صوبائی کونسل کے ایک روزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، جے آئی یوتھ کے صوبائی صدر فرہاد گل نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں 65فیصد نوجوان بیروزگاری،70ہزار منشیات میں مبتلا ہیں جن کو معاشرے میں کارآمد شہری بنانا ہمارا مقصد ہے، مارچ تا اپریل سندھ میں ”کلین سندھ، گرین سندھ“ مہم چلائیں گے، انٹراپارٹی الیکشن کے ذریعے نوجوان قیادت کو آگے لایا جائے گا، اسپورٹس کے میدانوں کو آباد کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے، ”جاگے گا جوان، بدلے گا پاکستان، میری پہچان جے یو آئی پاکستان“ کے نعرے کو سامنے رکھتے ہوئے پورے ملک میں 18سال کی عمر کے نوجوانوں میں آگاہی اور شعور پیدا کرکے نوجوان طبقے کو اپنے حقوق حاصل کرنے کیلئے جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر جمع کریں گے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی دراصل اس قوم کا اصل سرمایہ ہے، تعلیم اور صحت کے مواقع یکساں نہیں ،تعلیمی ادارے بند پڑے ہوئے ہیں جبکہ حکومت سندھ خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے، سندھ میں گذشتہ گیارہ سالوں سے برسراقتدار پیپلزپارٹی کی حکومت نے نوجوانوں کیلئے کچھ بھی نہیں کیا، لاکھوں نوجوان بیروزگاری کی وجہ سے مزدوری یا پھر جرائم کی طرف راغب ہورہے ہیں، حکمران طبقہ اور اپوزیشن صرف اسمبلی میںنوراکشتی میں مصروف ہیں، اب سندھ کے عوام کو اپنی قسمت تبدیل کرنی ہے تو دیانتدار قیادت کوآگے لانا ہوگا ورنہ حالات اس سے بھی بدترہونگے اور عوام مہنگائی، بیروزگاری کی چکی میں پستے رہیں گے۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس