Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

مسلمان اپنے اصل کی طرف لوٹ آئیں تو آج بھی دنیا پر غلبہ حاصل کرسکتے ہیں ۔حافظ محمد ادریس


لاہور 8فروری 2019ء:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس ملک کے صدر ،وزیراعظم ،چیف جسٹس اور آرمی چیف مسلمان ہیں وہاں اسلامی نظام کے بجائے انگریز کا نظام رائج ہونا بدقسمتی ہے ۔لا الہ الا اللہ چند الفاظ نہیں اللہ کے ساتھ ایک عہد ہے اور جو اس عہد کو پورا نہیں کرتا اسے دنیا و آخرت میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے ۔سودی معیشت اور لارڈ میکالے کا نظام تعلیم ملک کو تباہی کی طرف لے جارہا ہے ۔مسلمان اپنے اصل کی طرف لوٹ آئیں تو آج بھی دنیا پر غلبہ حاصل کرسکتے ہیں ۔ قرضے اور خیرات ملکی معیشت درست نہیں کرسکتی ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
حافظ محمد ادریس نے کہا کہ امریکہ کا غرور افغانستان کے پہاڑوں میں دفن ہوچکا ہے ،تباہ کن اسلحہ اور لاؤ لشکر کے ساتھ آنے والا امریکہ اور اس کے اتحادی سترہ سال خاک چھاننے کے بعد طالبان سے مذاکرات کی بھیک مانگ رہا ہے ۔امریکہ کی مادی قوت کو طالبان کی ایمانی قوت نے عبرت ناک شکست دی ہے لیکن ہمارا حکمران ٹولہ قرآن کے آفاقی نظام کو اختیار کرنے کی بجائے ظاہری اور مادی وسائل سے مرعوب ہے اور ایمان کی قوت کو اہمیت نہیں دیتا جس کی وجہ سے اسے بار بار ذلت اور بے توقیر ی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں اسلام کی روشنی پھیل رہی ہے لیکن اسلام کے نام پر بننے والا پاکستان بابرکت اسلامی نظام سے محروم ہے ۔انہوں نے کہا کہ چند سال پہلے قرآن کو انتہاپسندی اور اسلام کو دہشت گردی کا مذہب قرار دینے والے آج اسلام اور قرآن کی حقانیت کو تسلیم کررہے ہیں ۔امریکہ اسلامی دنیا خاص طور پر پاکستان پر دباؤ ڈال کر نصاب تعلیم سے قرآنی آیات نکالنے کا حکم دے رہا تھا آج صورت حال یہ ہے کہ خود امریکی کانگریس میں دو مسلم خواتین نے قرآن پر حلف لیا ہے اور امریکہ کی یونیورسٹیوں میں قرآن پڑھنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کے نظام میں ہے حکمرانوں کو عالمی استعمار سے ڈرنے کی بجائے اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے محبت کا ثبوت دیتے ہوئے ملک میں قرآن و سنت کا نظام نافذ کرنا چاہئے۔

Youtube Downloader id

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس