Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

کشمیریوں کوبھارت کے پنجہ استبداد سےآزادی تک پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے۔ ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر قومی جذبے سے منایا گیا


  لاہور 5فروری 2019ء: امیر جماعت سلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر پورے ملک میں یوم یکجہتی کشمیر قومی جذبے اور اس عہد کے ساتھ منایا گیا کہ پاکستانی قوم کشمیری بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور جب تک کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت اور بھارت کے پنجۂ استبداد سے آزادی نہیں مل جاتی پاکستانی قوم ان کی سرپرستی اور حمایت جاری رکھے گی۔ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ اور ظلم و جبر کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی گئیںاور مظاہرے کئے گئے جن میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور کشمیر ی تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
      لاہور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مال روڈ پر کشمیر مارچ کیا گیا جس کی قیادت جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ ،امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب امیر العظیم اور جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد نے کی۔ کشمیر مارچ میں ہزاروں زندہ دلان لاہور اور خواتین اور بچوںنے شرکت کی ۔کشمیر مارچ کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ کشمیر میں ظلم اور بربریت پر اقوام عالم کو خاموش نہیں رہنا چاہئے اور اس مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ اقوام متحدہ اپنی ہی قرار دادوں پر پچھلے ستر سال سے عمل درآمد کروانے میں بری طرح سے ناکام رہا ہے ۔ حکومت پاکستان کو کشمیر کی آزادی کا واضح روڈ میپ دینا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ خطے میں قیام امن کیلئے بھارتی افواج کا کشمیر سے انخلاء ضروری ہے جب تک بھارت اٹوٹ انگ کی رٹ نہیں چھوڑتا مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کامیاب نہیں ہونگے ۔بھارت کو ایک دن میز پر بیٹھنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے دوستی اور تجارت کی باتیں کرنے والے بھارت کو مذاکرات پر آمادہ کرنے میں ناکام رہے ہیں ۔اس موقع پرامیر العظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سری نگر ،لندن اورامریکہ اور مظفر آباد میں موجود حریت قیادت سید علی گیلانی کی سرپرستی میں ایک جلاوطن حکومت قائم کرے اور پاکستان اس حکومت کو ناصرف تسلیم کرے بلکہ اپنے تمام سفارتخانوں میں کشمیر ڈیسک بنائے جائیں تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیر کی جلاوطن حکومت دنیا کے سامنے اپنا مقدمہ خودپیش کرسکے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کسی حکومت نے کشمیر یوں کی وکالت کا حق ادا نہیں کیا جس کی وجہ سے گزشتہ 72سال سے جنوبی ایشیا ء پر جنگ کے بادل منڈلارہے ہیں اور بھارت پاکستان پر تین جنگیں مسلط کرچکا ہے ۔  
کشمیر مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ انڈین افواج نے ظلم اور جبر کا ہر حربہ کشمیر میں آزمایا ہے جس پر انسانیت شرمندہ ہے ۔کشمیر کا بچہ بچہ اپنے حق آزادی کے لیے سینہ سپر ہے ، طاقت اور ظلم سے کشمیریوں کو آزادی سے محروم نہیں رکھا جا سکتا  ۔ پاکستان کے حکمران کشمیر پر بیان بازی کی بجائے ٹھوس اقدامات کریں ۔
    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے آبپارہ چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ریلی کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم ،امیر صوبہ شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کی ۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد اسلم نے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے ،کرتار پور راہداری کھولنے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا۔حکومت فوری طور پر ایک نائب وزیر خارجہ کا تقرر کرے اورپاکستانی سفارتخانوں میں کشمیر ڈیسک قائم کئے جائیں تاکہ دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہر حکومت نے کشمیر یوں کو مایوس کیا اور بھارت کے ساتھ دوستی کی باتیں کرکے ان کے زخموں پر نمک پاشی کی ۔
    ملتان میں دولت گیٹ سے گھنٹہ گھر چوک تک یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم اور ضلعی راہنمائوں نے کی۔گھنٹہ گھر چوک پہنچ کر ریلی ایک بڑے عوامی جلسے کی شکل اختیار کرگئی جہاں خطاب کرتے ہوئے راشدنسیم نے کہا کہ حکومت کی کشمیر کاز کے ساتھ دلچسپی کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ چھ ماہ میں کشمیر کمیٹی کا چیئرمین ہی مقرر نہیں کیا گیا ۔قوم کشمیر پر کوئی بیک ڈور ڈپلومیسی قبول نہیں کرے گی۔
    نائب امیر جماعت اسلامی اسد اللہ بھٹو ایڈووکیٹ اور سندھ کے سیکرٹری جنرل حزب اللہ جکھڑو نے سکھر میں کشمیر میںبھارت کے مظالم اور غاصبانہ قبضہ کے خلاف نکالی گئی احتجاجی ریلی کی قیادت کی ۔فیصل آباد میں چنیوٹ بازار سے گھنٹہ گھر چوک تک کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس اور ضلعی امیر عظیم رندھاوا نے کی ۔تاندلیاں والا میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں نکالی گئی ریلی کی قیادت سردار ظفر حسین نے کی ۔گوجرانوالا میں شیراں والا باغ سے نکالی گئی یکجہتی کشمیر ریلی کی قیادت جے آئی یوتھ کے صدر زبیر گوندل نے کی ۔شیخوپورہ میں پرانا اڈہ لاریاں دفتر جماعت اسلامی سے نکالی گئی ریلی کی قیادت ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان حافظ ساجد انور ،وسطی پنجاب کے سیکرٹری جنرل جاوید قصوری اور ضلعی امیر حاجی عاشق ورک نے کی ۔جماعت اسلامی ساہیوال کے زیر اہتمام یکجہتیِ کشمیر ریلی کی قیادت ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان اظہر اقبال حسن نے کی۔
بلوچستان کے صوبائی دارلحکومت کوئٹہ سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں یکجہتی کشمیر کی ریلیاں نکالی گئیں،کوئٹہ میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں نکالی
 گئی ریلی کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل مولانا ہدائت الرحمن نے کی ۔ڈیرہ مراد جمالی اور ڈیرہ الہ یار سے نکالی گئی ریلیوں کی قیادت صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کی ۔ 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس