Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

حکومت پاکستان قراردادوں اور بیانات سے آگے بڑھ کر کشمیریوں کی عملی مدد کرے۔شیخ عقیل الرحمن


مظفرآباد6جنوری2019ء:جماعت اسلامی آزادکشمیرکے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ 70سال گزرنے کے باوجود کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔بھارت تحریک آزادی کو کچلنے کے لیے کشمیریوں پر مظالم ڈھارہا ہے ۔حکومت پاکستان قراردادوں اور بیانات سے آگے بڑھ کر کشمیریوں کی عملی مدد کرے۔سیاسی اور سفارتی امداد کی پالیسی قبول نہیں۔محض قراردادوں سے آزادی نہیں ملے گی اس کے لیے قربانی دینی پڑے گی۔ان خیالات اظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت میں گزشتہ روز جماعت اسلامی کے زیر اہتمام یوم حق خودارادیت کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما خواجہ فاروق،صدر سنٹرل بار مقبول الرحمن عباسی،ضلعی امیر جماعت اسلامی شمشیر خان،قاضی شاہد حمید،قاضی منظور الحسن،عزیز غزالی،مشتاق السلام ،ایڈیشنل سیکرٹری سنٹرل پریس کلب عبدالواجد خان،محمد لطیف عباسی،حزب المجاہدین کے محمد اعظم ،حافظ عبدالصمد،عمرنذیر ودیگر نے خطاب کیا۔شیخ عقیل الرحمن نے کہا کہ کشمیر ی آزادی کی خاطر لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔ہزاروں کی تعداد میں ہندوستان نے نہتے کشمیریوں کو پابند سلاسل کررکھا ہے۔پیلٹ گنوں کے استعمال سے کشمیری بچوں کی بینائی چھینی جارہی ہے ۔ان مظالم کی مثال دنیا بھر میں کہیں نہیں ملتی۔کشمیر کی دھرتی پر ہماری ماہیں اور بہنیں کنکروں سے بھارتی فوج کے مظالم کا مقابلہ کررہی ہیں۔حکومت پاکستان کی عملی امداد کی منتظر ہیںلیکن یہاں پر زبانی جمع وخرچ کیاجارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مشرف رجیم نے امریکی جنگ لڑی اب عمران خان برملا تسلیم کررہے ہیں۔افغانی امریکہ کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے تو آج امریکہ جھک گیا اور طالبات سے مذاکرات پر مجبور ہوا اسی طرح ہم بھی تسلسل کے ساتھ آزادی کشمیر کی جنگ لڑیں تو اللہ ہمیں بھی کامیابی سے ہم کنار کرے گا۔حکومت آزادکشمیر تحریک آزادی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرے ۔ہمیں سڑکوں اور پراجیکٹ سے زیادہ کشمیر کی آزادی عزیز ہے۔آزادحکومت اپنے بجٹ کا چوتھا حصہ تحریک آزادی کے لیے مختص کرے اور اس حوالے سے سنجیدہ ہوکر جدوجہد بھی کرے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ فاروق نے کہا کہ ہماری نسل نو تحریک آزادی سے ناآشنا ہوتی جارہی ہے اس حوالے سے ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔صدر سنٹرل بار مقبول الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت آرٹیکل 35اے کو ختم کرکے کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔بھارت کشمیر کی جنگ ہار چکا ہے اور مختلف پروپیگنڈے کررہا ہے جس میں وہ کامیاب نہیں ہوگا اور ہمارے حوصلے پست نہیں ہوگے ۔کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں جب وقت آیا تو منحوس کنٹرول لائن روند کر اپنے کشمیری بھائیوں کی مدد کو جائیں گے۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس