Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

حکومت نے فساد ، غیر جمہوری اور بد تہذیبی و تکبر کا ایسا رویہ اختیار کیاہے جس سے جلد واپسی ممکن نظر نہیں آ رہی ۔لیاقت بلوچ


لاہور 29دسمبر2018ء:جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل گر رہی ہیں حکومت سستے داموں تیل خرید کر عوام کو مہنگا ترین فروخت کر رہی ہے ۔ یکم جنوری 2019 ءسے پٹرول 15 روپے اور ڈیزل 25 روپے سستا کیا جائے ۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر ناجائز منافع فوری بند کرے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ عمران خان حکومت نے عوام کی توقعات کو مایوسی اور فکری انتشار کی جانب دھکیل دیاہے۔ حکومت نے فساد ، غیر جمہوری اور بد تہذیبی و تکبر کا ایسا رویہ اختیار کیاہے جس سے جلد واپسی ممکن نظر نہیں آ رہی ۔ عوام اور ریاستی نظام کے لیے ایک سال کے بعد صبر کے پیمانہ کو کنٹرول کرنا ممکن نہ رہے گا ۔ حکومت نے مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت ، بے حیائی و فحاشی پھیلانے کی رفتار کو تیز کردیاہے ۔ مدینہ کی طرز پر ریاست بنانے کے دعوے محض فریب ہی ہیں عملاً کوئی پیش رفت نہیں ۔ 

لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت اپوزیشن کو دیوار سے نہ لگائے ۔ سندھ میں گورنر راج کا نفاذ پورے جمہوری نظام کے لیے زہر قاتل ثابت ہوگا ۔ حکومت کے لیے آمرانہ طرز عمل اور کنٹرولڈ جمہوری پارلیمانی نظام موت کا پروانہ بنے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی جنوری سے رابطہ عوام مہم کو منظم کرنے کے لیے کراچی ، لاہور ، گوجرانوالہ ، راولپنڈی ، ملاکنڈ ، سکھر ، لاڑکانہ ، کوئٹہ ، گوادر میں تاریخ ساز ورکرز کنونشنز کا آغاز کر رہی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے امرائے صوبہ مشتاق احمد خان ، محمد حسین محنتی ، امیر العظیم ، ڈاکٹر سید وسیم اختر ، ڈاکٹر طارق سلیم کے ساتھ ورکرز کنونشنز پروگراموں کی تفصیلات پر تبادلہ خیال کیا ۔ 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں



سوشل میڈیا لنکس