Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

ٹارگٹ کلنگ اور مسلح ڈکیتی کی وارداتیں حکومت اور پولیس کی ناکامی ہے۔ برجیس احمد


کراچی؍28دسمبر2018:جماعت اسلامی کراچی کے قائم مقام امیربرجیس احمد نے کراچی میں سیاسی جماعتوں سے وابستہ کارکنوں اور رہنماؤں کی اچانک ٹارگٹ کلنگ اور شہرمیں بڑھتی ہوئی مسلح ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان وارداتوں کو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت قراردیا ہے اور کہا ہے کہ شہر میں ٹارگٹ کلنگ ،مسلح ڈکیتی ،اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ حکومت اور پولیس کی نا اہلی اورناکامی ہے، شہر میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔حکومت اور پولیس کا فرض ہے کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرے اور جرائم پیشہ عناصر اور قاتلوں کو گرفتار کر کے قرارواقعی سزا دے ۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں شہر میں امن و امان کی بد ترین صورتحال کی نسبت گزشتہ دنوں قانون نافذ کر نے والے اداروں کی کارروائیوں کے باعث حالات میں کچھ بہتری پیدا ہو ئی تھی مگر پھر جرائم پیشہ عناصر اور گروہ بڑے پیمانے پر چھینا جھپٹی اور اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں بلا خوف و خطر ملوث ہو گئے ہیں جس سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہورہا ہے اور کاروباری طبقہ بھی پریشان ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں گزشتہ دنوں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں سابق ایم کیو ایم کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی علی رضاعابدی ، پاک سر زمین پارٹی اورمختلف شہریوں کو نشانہ بنایا گیا اورجماعت اسلامی کے ایک کارکن کو بھی زخمی کیا گیا ۔المیہ یہ ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بعض افراد جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کررہے ہیں پچھلے دنوں پولیس افسر کا مجرموں کی سرپرستی کی بنا پر معطل کرنا واضح ثبوت ہے ۔حکومت اور قانون نافذ کرنے والوں کی اولین ذمہ داری ہے کہ پولیس کے شعبے میں وابستہ جرائم کا ساتھ دینے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں اور پولیس کے محکمے کوجرائم پیشہ عناصر اور ان کی سرپرستی کرنے والوں سے پاک کریں ۔انہوں نے کہاکہ کراچی پولیس کی نااہلی ہے کہ دہشت گرد اور جرائم پیشہ افراد اگر پکڑے جاتے ہیں تو کیس اتنے کمزور بنائے جاتے ہیں کہ ملزم سزا سے بچ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمے داری ہے شہریوں کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کریں ۔#

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں

سوشل میڈیا لنکس