Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

تبدیلی کے نام پراور کبھی سہانے خواب دکھاکرپاکستانی قوم کے ساتھ کھیل کھیلاجارہاہے ۔امیرالعظیم


لاہور30  نومبر2018ء:امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ جمہوریت کے استحکام اور قانون کی بالادستی کے لئے حکمران سنجیدگی کامظاہرہ کریں۔منفی سیاست ملک وقوم کے لئے نقصان دہ ہے۔ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کو ختم کرکے اعتماد کی فضاء کو سازگار بنایاجائے۔ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر ہر شخص پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی بجائے اپناسرمایہ بیرون ملک منتقل کرنا چاہتا ہے۔70برسوں سے کبھی تبدیلی کے نام پراور کبھی سہانے خواب دکھاکرپاکستانی قوم کے ساتھ کھیل کھیلاجارہاہے ۔حقیقی تبدیلی کے لیے نظام کی تبدیلی بہت ضروری ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزتقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کے تمام مسائل کاحل دین اسلام کے اندرپنہاں ہے۔ اسلامی قوانین پر عمل پیراہوکر ہی ہم معاشرے میں موجود خرابیوں کاخاتمہ اور ملک وقوم کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں۔عرب کے اندر بھی ایک معاشرہ تھا جو ہر قسم کی برائیوں سے بھراہواتھا لیکن دین اسلام کے آنے کے بعد وہی معاشرہ امن کا گہوارہ بن گیا۔انہوں نے کہاکہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ اس جیسامعاشرہ پھروجود میں نہیں آیا ،اسی لئے جماعت اسلامی آج بھی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ ملکی تمام مسائل کاحل شریعت کے نفاذ میں ہے اور معاشی ترقی کی ضمانت بھی اسلام پیش کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذکی کوشش کررہی ہے تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔ قرآن وسنت کی دوری کی وجہ سے آج ہم پستی میں گررہے ہیں اورذلت ہمارامقدربنتی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ شرپسندعناصراور سیکولر ذہن رکھنے والے لوگ دینی جماعتوں اوردین اسلام کو مسخ کرکے پیش کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں۔عالمی قوتیں نہیں چاہتیں کہ پاکستان سمیت دنیا میں اسلام کابول بالاہواس لئے آئے روزاسلام پسندوں اور دین اسلام کو بدنام کرنے کی ناکام کوششیں کرتی رہتی ہیں۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ ہمارا یقین ہے کہ پاکستان میں اسلامی نظام کانفاذ ہوگااور ملک وقوم کودرپیش تمام مسائل حل ہونے کے ساتھ پاکستان کی فضاء میں امن قائم ہوجائے گا۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں

سوشل میڈیا لنکس