Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

ملکی مسائل میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہا ہے،عوام حکومتی کارکردگی سے مطمئن نہیں


لاہور5 نومبر2018ء:امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہاہے کہ ملکی مسائل میں کمی کی بجائے مسلسل اضافہ ہورہاہے۔موجودہ حکمرانوں نے تبدیلی کے نام پر عوام کو پریشان کرکے رکھ دیا ہے۔عوام حکومتی کارکردگی سے مطمئن نہیں،لوگوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی مسائل کو ہر سطح پر اجاگر کیاہے اور آئندہ بھی عوامی مسائل پر بھرپور انداز میں آوازبلند کرتے رہیں گے۔تحریک انصاف انتخابی مہم میں قوم سے کیے گئے اپنے وعدوں کو پوراکرے اور مہنگائی،بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے لوگ صاف ستھری شہرت کے حامل اور خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہیں۔ملک میں اگر کوئی جماعت موروثیت سے پاک ہے تو وہ صرف اور صرف جماعت اسلامی ہے جہاں امیر جماعت سے لے کر نیچے تک انتخاب کاجمہوری طریقہ کار موجودہے۔جماعت اسلامی کے ممبران مختلف ادوار میں صوبائی اسمبلیوں، سینٹ ، قومی اسمبلی اور بلدیاتی اداروں میں منتخب ہوکر گئے الحمد للہ کسی ایک پر بھی کرپشن اور پلاٹوں کی سیاست کاکوئی ایک بھی الزام نہیں۔انہوں نے کہاکہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل سمیت دیگراداروں نے کے پی کے میں جماعت اسلامی کے وزراء کی کارکردگی کو ہمیشہ سراہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے پاس پڑھی لکھی،دیانتدار اور محب وطن قیادت موجود ہے جو کہ آرٹیکل 62اور 63پر پوری اترتی ہے۔چیف جسٹس کو بھی اعتراف کرنا پڑا کہ اگرآرٹیکل 62اور63 کااطلاق ہوجائے تو صرف سراج الحق ہی بچیں گے۔انہوں نے کہاکہ آج ملک وقوم کو صرف اور صرف محب وطن قیادت کے فقدان کاسامنا ہے۔اللہ تعالیٰ نے ملک کو وسائل سے نوازاہے مگر ان سے بھرپورانداز میں استفادہ کرنے کے لیے ہمیشہ حکومتوں کے پاس وژن کی کمی رہی ہے۔ماضی کے حکمرانوں کی ترجیحات میں عوام کو درپیش مشکلات کاحل کبھی نہیں رہااور بدقسمتی سے موجودہ حکمران بھی انہی کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔امیر العظیم نے مزیدکہاکہ ہم جماعت اسلامی کے پیغام کو عام لوگوں تک پہنچائیں گے۔ہمارے کارکن ہی اصل سرمایہ ہیں۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں

سوشل میڈیا لنکس