Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اوورسیز پاکستانیوں کا عالمی برادری میں ملک کا نام روشن کرنے میں اہم کردار ہے ۔سینیٹر سراج الحق


لاہور9اگست 2018ء:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے اوورسیز پاکستانیوں کے نمائندہ وفد نے منصورہ میں ملاقات کی اور انہیں بیرونی دنیا میں پاکستانی شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات اور مسائل سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس ، جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ عبدالغفار عزیز بھی موجود تھے۔

سینیٹر سراج الحق نے سمندر پار پاکستانیوں کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے لیے ان کی خدمات کو سراہا اور کہاکہ آپ بیرونی دنیا میں پاکستان کے سفیر ہیں ۔ عالمی برادری میں ملک کا نام روشن کرنے میں آپ کاکردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔انہوںنے وفد کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی اور خاص طور پر اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق مل سکے ۔ انہوں نے کہاکہ ملکی ترقی میں اوورسیز پاکستانی بھائیوں کا بڑا کردار ہے اور سالانہ بیس ارب ڈالر کے قریب قیمتی زر مبادلہ ہمارے بیرون ملک مقیم پاکستانی کما کر ملک میں بھیجتے ہیں ۔ 

بیرون ملک سے آنے والی سرکردہ پاکستانی شخصیات نے حالیہ انتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی پر گہری تشویش اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عالمی ذرائع ابلاغ نے پاکستانی انتخابات کو ڈھکوسلا قرار دیاہے جس سے بیرون ملک پاکستانیو ں کو سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور انتخابات پر ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے ۔انہوں نے اس پر بھی دکھ کا اظہار کیاکہ پندرہ دن گزر نے کے باوجودابھی تک انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوششیں جاری ہیں ۔

 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں

سوشل میڈیا لنکس