Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

ملک کی تینوں بڑی پارٹیاں ختم نبوتؐ کے قانون میں ترمیم کی سازش میں برابر کی شریک ہیں


لاہور8جولائی 2018ء:متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ ختم نبوتؐ کا معاملہ ہمارے ایمان کا حصہ اور دین اسلام کی اساس ہے۔اسلام اورپاکستانی آئین مذہبی آزادیوں ،اقلیتوں کے تمام بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے تاہم ہر شہری پرلازم ہے کہ وہ اپنی شناخت درست اور صحیح کوائف کے ساتھ جمع کروائے ۔نگران حکومت اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے راجہ ظفر الحق کی رپورٹ کوفوری منظر عام پر لائے تا کہ اصل حقائق سے قوم آگاہ ہوسکے۔یہ بات اب اظہر من شمس ہے کہ ملک کی تینوں بڑی پارٹیاں ختم نبوتؐ کے قانون میں ترمیم کی سازش میں برابر کی شریک ہیں اور انہوں نے مسلمانوں کے اس خالصتاً مسئلہ پر غیر ملکی دباؤ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ختم نبوتؐ کے حساس اور نازک مسئلے پر اسلامیان پاکستان کے تمام تر اعتقادی رشتوں کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے قوم کے جذبات کو مجروح کرنا لمحہ فکریہ ہے ۔ممتاز قادری کی شہادت سے لیکر ختم نبوت ؐکے قانون میں ترمیم کی سازش تک نواز شریف مکافات عمل کا شکار نظر آتے ہیں جبکہ عمران خان اور آصف علی زرداری کا مستقبل بھی نوشتہ دیوار ہے ۔میاں مقصود احمد نے کہا کہ میرا ان تینوں لیڈروں کو مخلصانہ مشورہ ہے کہ وہ اللہ اور عوام سے رجوع کریں۔ توبہ کا دروازہ ہر ایک کے لئے کھلا ہے ۔تینوں رہنما اپنی ذاتی پوزیشن بھی واضح کریں ،آئندہ ختم نبوتؐ اور توہین رسالتؐ کے لبادہ میں اسلام کی روشنی میں اپنے عقیدے کا از سر نو اعلان کریں تاکہ لوگوں کے ان کے بارے میں شکوک و شہبات دور ہوں۔انہوں نے کہا کہ ختم نبوتؐ کا معاملہ انتہائی اہم ہے۔نبی مہربان حضرت محمدؐﷺختم المرسلین ہیں اور ان کے بعد کوئی شخص جو نبوت کا دعویٰ کرے وہ جھوٹا، خائن اور دائرہ اسلام سے خارج ہے ۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں

سوشل میڈیا لنکس