Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

70سال کے تجربات نے ثابت کر دیا ہے کہ اب نظام کی تبدیلی ہی ملکی مسائل کا حل ہے


 لاہور 9مارچ 2018ء:امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ70سال کے تجربات نے ثابت کر دیا ہے کہ اب نظام کی تبدیلی ہی ملکی مسائل کا حل ہے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے یوسی 109گوشہ احباب میں فری میڈیکل کیمپ کے افتتاح کے موقع پر معززین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی علاقہ غربی محمد شفیق ملک ، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف ، گروپ لیڈوارڈ نمبر 5یوسی 109حکیم عطاء الرحمن ، امیر جماعت اسلامی یوسی 109خواجہ محمد وسیم ، محمد افضل خان،

ڈاکٹرمحمد آصف و دیگر معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ دینی جذبے اور خدمت خلق کے ذریعے ہی عوام الناس کو اسلامی انقلاب کیلئے تیار کیا جا سکتا ہے۔جماعت اسلامی ملک میں اسلامی اخلاقیات کی بنیاد پر فلاحی نظام کا قیام چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی نظام عدل کے قیام کیلئے قوم کے ضمیر کو اسلامی اقدار کی پابندی پر تعلیمی حکمت عملی سے آمادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ریاست میں مقننہ ، انتظامیہ اور عدلیہ کی طرح تعلیم اور ابلاغ عامہ کو بھی ایک خاص اہمیت حاصل ہے ۔ تبدیلی کے لیے ایسے افراد تیار کرنے کی ضرورت ہے جو دینی اور عصری علوم پر دسترس کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہوں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن بدقسمتی سے حکومت نے اداروں کو تباہ کرنے کا جو کام کیا ہے اس میں تعلیم اور صحت کے شعبے سرفہرست ہیں۔ عوام الناس تعلیم اور صحت جیسی سہولیات کو ترس رہے ہیں ۔ان حالات میں تعلیم اور صحت کے شعبہ میں جماعت اسلامی کے اداروں کی کارکردگی اور عوامی خدمت کا جذبہ ہوا کا ایک جھونکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں جماعت اسلامی کی مقامی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے مہنگائی کے اس دور میں بچوں ، بوڑھوں، اور عورتوں کیلئے ماہر ڈاکٹرز ،فری ادویات اور ہپیاٹائٹس بی اور سی کے ٹیسٹوں کا مفت اہتمام کیا ہے ۔ یونین کونسل کی ان غریب آبادیوں میں جہاں لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے ۔ فری میڈیکل کیمپ جیسے اقدامات قابل تحسین اور غربیوں کیلئے امید کی کرن ہیں ۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس