Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

سپریم کورٹ سینیٹ کے انتخابات میں کرپشن اور دولت کے استعمال کا نوٹس لیں۔سراج الحق


لاہور4مارچ2018ء:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ سینیٹ کے انتخابات میں کرپشن اور دولت کے استعمال کا نوٹس لیں او رایوان بالا کے انتخابا ت کو شکوک و شبہات سے دور کرنے کے لیے تمام منتخب سینیٹرز سے ایوان میں حلف اٹھانے سے قبل بیان حلفی لیا جائے کہ انہوں نے کامیاب ہونے کے لیے ووٹ خریدا تو نہیں؟ جو سینیٹر بیان حلفی دینے کے لیے تیار نہ ہوا اس کے سینٹ کا حلف اٹھانے پر پابندی عائد کی جائے۔ جماعت اسلامی اپنے منتخب سینیٹرکو سب سے پہلے پیش کرے گی ۔ کراچی کی نمائندگی کرنے والوں نے اپنے ووٹ فروخت کیے ہیں اورکراچی کی عزت اور مینڈیٹ کا سوداکیا ، عوام حق بجانب ہیں کہ ان سے پوچھیں کہ انہوں نے اپنا ووٹ کتنے میں فروخت کیا۔ ملک کو کرپشن فری بنانے کے لیے سیاست سے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے ۔ کمزور جمہوریت کاعلاج مزید جمہوریت ہے ۔ جمہوریت اور انتخابات مسائل کا واحد حل ہیں اس کے سوا کوئی اور حل قبول نہیں ۔ پیٹرول کی قیمتوں میں گزشتہ 6ماہ سے مسلسل اضافہ ہورہا ہے اسے ہم مسترد کرتے ہیں ، اس کی مذمت کرتے ہیں اور اس حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے لیے وکلاءسے مشورہ کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ کراچی یوتھ الیکشن کے ذریعہ نوجوانوں کی قیادت کو آگے لائیں گے اور نوجوانوں کو منظم اور متحرک کر کے ایک قوت اور طاقت بنائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کی دعوت پر میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ میٹ دی پریس سے کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک اور سکریٹری مقصود یوسفی نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امیر کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، سکریٹری کراچی عبد الوہاب ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے۔کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک نے سراج الحق کو کراچی پریس کلب کا نشان پیش کیا جبکہ جوائنٹ سکریٹریز نعمت خان اور عارف ہاشمی نے سراج الحق کو گلدستہ پیش کیا۔

 سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات میں ووٹ کی بنیاد پر الیکشن نہیں سلیکشن ہوا ہے ، اغواءبرائے تاوا ن کا کھیل کھیلا گیا ہے جو سیاست اور جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے ۔ ملک اور سیاست کو سیاسی و مالی کرپشن کے خاتمے کے لیے انقلابی اقدامات کرنے ہوں گے ۔ سپریم کورٹ میں ہم نے پا نامہ میں آنے والے 430افراد کے خلاف کاروائی کرنے کے لیے اپیل دائر کی تھی ۔ ہمارا آج بھی یہی مو ¿قف ہے کہ بلا امتیاز اور بے لاگ سب کا احتساب کیا جائے ۔ نیب کے اندر 150سے زائد میگا اسکینڈل اور مقدمات موجود ہیں لیکن نیب ان کے خلاف کچھ نہیں کررہا۔ کرپٹ عناصر سے کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر پلی بارگیننگ قوم کے ساتھ مذاق ہے ۔ کسی ادارے کو قومی دولت لوٹنے والوں کو معاف کرنے کا اختیار نہیں ہے ، ایک ریٹائرڈ ایڈمرل کو امریکہ سے لایا گیا اور پلی بارگیننگ کر کے اسے ملک کے اندر شہزادوں کی طرح پورے اعزاز کے ساتھ رکھا گیا ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اور معاشی دہشت گرد ایوانوں ، اداروں اور سیاست میں موجود ہیں ان ہی لوگوں نے ملک کا بیڑا غرق کیا ہے ۔ قومی اداروں کو تباہ و برباد کیا ہے ۔ اسٹیل مل اور پی آئی اے جیسے نفع بخش اور حساس ادارے ان ہی لوگوں نے تباہ و برباد کیے ۔ اسٹیل مل کے ملازمین کو 6ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں ۔ملازمین کا استحصال کیا جارہا ہے ۔اسٹیل مل کے ملازمین کی تنخواہیں فی الفور ادا کی جائیں۔

 سراج الحق نے کہا کہ سینٹ انتخابات میں پیپلز پارٹی نے تو کمال ہی کردیا زرداری کی کرامات نے اپنوں ہی کو نہیں بلکہ مخالفوں کو بھی رام کرلیا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جس کے اندر جمہوریت کے ہونے کا اعتراف قومی اور بین الاقوامی طور پر سب کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل بحال ہوچکی ہے ۔ 12مارچ کو سربراہی اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس