Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی تو ان کے مسائل میں بھی اضافہ نہ کرے۔میاں مقصوداحمد


لاہوریکم مارچ 2018ء:امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ایک سال کے دوران صرف پٹرول کی قیمت میں 20روپے تک اضافہ حکمرانوں کی بدترین کارکردگی کی عکاسی کرتاہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو مستردکرتے ہیں۔حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرسکتی تو اس کو مسائل میں اضافہ کابھی کوئی حق نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان برپا ہوگا۔عوام پہلے ہی باعزت دووقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔مہنگائی اوربے روزگاری نے مزدوروں کوفاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے۔روزگار نہ ملنے اور مہنگائی میں مسلسل اضافے کی وجہ سے غریب عوام خود کشی کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔حکمرانوں کی گڈ گورننس کایہ حال ہے کہ ملک کی نصف سے زائد آبادی دوڈالر یومیہ کمانے سے بھی قاصر ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے عوام کوشدیدمایوس کیا ہے۔کرپشن کی انتہاہوچکی ہے۔آئے روزاشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب عوام کو لوٹنے کاسلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے۔ معیشت کی بہتری کے دعوے کرنے والاحکمران طبقہ عوام کوبے وقوف بنارہا ہے۔اسٹیٹ بینک مسلسل ملکی معیشت پر تشویش کا اظہارکررہا ہے۔یوں محسوس ہوتاہے کہ جیسے حکمرانوں کو عوام کے مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔جب تک حکمران عوام دشمن ظالمانہ پالیسیوں کو ترک نہیں کردیتے عام عوام کی زندگیوں میں کوئی بہتر نہیں آسکتی۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ حکومت نے 6ماہ کے قلیل عرصے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 32روپے اضافہ کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔مسلم لیگ (ن) پیپلزپارٹی کے انجام سے سبق سیکھے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پٹرولیم مصنوعات سمیت دیگراشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی کرے۔ 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس