Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

پاکستان کو مسائل کی دلدل سے صرف اسلامی قوتیں نکال سکتی ہیں ۔راشدنسیم


لاہور27فروری 2018ء:نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ پاکستان کو مسائل کی دلدل سے صرف اسلامی قوتیں نکال سکتی ہیں ۔70سال سے اقتدار پر قابض سیاسی جماعتوں نے عوام کو غربت ،جہالت ،مہنگائی ،بے روز گاری اور بدامنی کے سوا کچھ نہیں دیا۔اقتدار میں رہنے والی جماعتوں میں سے کوئی بھی لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کے الزامات سے پاک نہیں۔قومی دولت کو لوٹ کر بیرون ملک منتقل کرنے والوں نے قوم کی طرف سے دیئے گئے مینڈیٹ کا احترام کیا نہ ووٹر کو عزت دی۔ ووٹ کے تقدس کا رونا رونے والوں کو چالیس سال اس کا خیال کیوں نہیں آیا ۔ایم ایم اے کی صورت میں تمام دینی قیادت کا ایک پلیٹ فارم پر آنا ملک و قوم کیلئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے خصوصی انعام ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتفاق ٹاﺅن میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ۔اجتماع سے سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

راشد نسیم نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک آدھا عرصہ ملک پر فوج کی اور آدھا عرصہ نام نہاد جمہوری حکومت رہی لیکن فوجی آمریت کے دور میں جس عوام بنیادی سہولتوں سے محروم رہے اسی طرح مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بھی انہیں غربت ،مہنگائی بےروز گاری اور بدامنی کے مسائل نے گھیرے رکھا اور عام آدمی کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ جب تک خوف خدا رکھنے والی با کردار قیادت سامنے نہیں آتی عوام کے مسائل حل نہیں ہونگے ،پانامہ ،لندن اور دبئی لیکس اور قرضے لیکر ہڑپ کرنے والے آئندہ انتخابات میں کس منہ سے عوام کا سامنا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک جمع کرنے والوں نے ملک و قوم کو دھوکا دیا،لٹیروں کے ٹولے نے قومی امانت میں خیانت کی ،ان سے کسی خیر کی کوئی توقع نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ دینی قیادت کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں اور نہ کسی مولوی نے آج تک قوم کو دھوکہ دیا ہے ۔ایم ایم اے کی بحالی ملک و قوم کیلئے انتہائی مبارک ہے ،ہماری کوشش ہے کہ دیگر مذہبی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کرکے انہیں بھی ایم ایم اے میں شمولیت کی دعوت دی جائے تاکہ تمام دینی قوتیں سیکولر اور لبرل ازم کے حامیوں اور سٹیٹس کو کی قوتوں کے خلاف متحد ہوکر 2018کے انتخابات میں جائیں ۔ 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں

سوشل میڈیا لنکس