Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اسلامی جمعیت طالبات میں کام کرنے والی ہماری بیٹیاں سیدہ عائشہؓ و سیدہ فاطمہؓ کی جانشین ہیں


لاہور19فروری2018ء:اسلامی جمعیت طالبات کی نو منتخب ناظمہ اعلیٰ عائشہ فہم اور رکن مرکزی مجلس شوریٰ خنسا اریبہ نے مرکز جماعت اسلامی منصورہ میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و نگران امور طالبات حافظ محمد ادریس سے ملاقات کی ۔ ناظم مرکزی شعبہ تنظیم رشید احمد بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد ادریس نے کہاکہ اسلامی جمعیت طالبات میں کام کرنے والی ہماری بیٹیاں صحیح معنوں میں سیدہ عائشہؓ و سیدہ فاطمہؓ کی جانشین ہیں ۔ تعلیمی اداروں کے بگڑے ہوئے ماحول اور مغرب کے دیے ہوئے نظام تعلیم میں اسلامی اخلاق و کردار کے دیپ جلانا اتنا عظیم کام ہے کہ اس پر ہم جمعیت طالبات میں شامل اپنی بیٹی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ ہم دعا گو ہیں کہ نو منتخب ناظمہ اعلیٰ اور ان کی پوری ٹیم کو اللہ اپنی خصوصی نصرت سے نوازے ۔ ناظمہ اعلیٰ نے درپیش مختلف چیلنجز اور مشکلات کا بھی تذکرہ اور اپنے کام کی تفصیلات سے بھی جماعت کی قیادت کو آگاہ کیا ۔ حافظ محمد ادریس نے کہاکہ ہم ان شاء اللہ اپنی بچیوں سے حسب سابق ہر طرح کا تعاون جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت کو ہر طبقہ فکرکی طالبات تک اپنی دعوت پہنچانی چاہیے نیز اپنے تعلیمی معیار کو بلند رکھنا چاہیے ۔ قیادت کرنے والے طلبہ و طالبات ہر میدان میں اعلیٰ مثال قائم کریں گے تو دعوت کے کام میں وسعت بھی پیدا ہوگی اور مضبوطی بھی ۔حافظ محمد ادریس نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ نو منتخب ناظمہ اعلیٰ کو اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن ادا کرنے کی توفیق اور نعمت عطا فرمائے۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں

سوشل میڈیا لنکس