Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

تین تین باریاں لینے اور ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دینے والے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں کامیاب نہیں ہوسکتے ۔سراج الحق


لاہور 06فروری 2018ء:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ تین تین باریاں لینے اور ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دینے والے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے میں کامیاب نہیں ہوسکتے ۔ ملک میں ایک بار پھر کرپشن مافیا عوام کو دھوکہ دینے کے لیے ایک دوسرے پر الزامات لگا کررہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف دفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 2018ءکے انتخابات میں عوام اپنا ووٹ ملک سے کرپشن کے خاتمہ کے لیے استعمال کریں اور جن لوگوں نے ملک و قوم کو غربت،مہنگائی،بے روزگاری اور بدامنی کی دلدل میں دھکیلا ہے ان سے اپنی محرومیوں کے تمام حساب بیباک کرلیںتاکہ آئندہ ان لٹیروں کولوگوں کی قسمت سے کھیلنے کا موقع نہ مل سکے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات کے نفاذ کو یقینی بنائے اور جن لوگوں پر کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے الزامات ہیں جب تک عدالتیں انہیں کلیئر نہ کردیں ان کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر کرپٹ ٹولہ مختلف پارٹیوں کے پرچم اٹھا کر اور چہرے بدل کر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہا ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کو ملک بھر میں پورے قومی جوش و جذبے سے منانے پر قوم کو مبارکبا د دیتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں لاکھوں کی تعداد میں عوام نے سڑکوں پر نکل کر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں یکجہتی کے پروگرامات میں شرکت کی۔انہوںنے کہا کہ پاکستانی قوم کی طرف سے اظہار یکجہتی کشمیریوں کے جذبہ حریت اور حوصلوں کو بڑھا دیتا ہے اور حکمرانوں کی کوتاہیوں کی وجہ سے ان کے اندر جو مایوسی پیدا ہوتی ہے اس کو دوبارہ امید میں بد ل دیتا ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جب تک پاکستان میں مضبوط اور اسلام سے محبت کرنے والی حکومت نہیں آئے گی ملک و قوم کے مسائل حل ختم ہونگے نہ کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا۔ مسئلہ کشمیر کی راہ میں اصل رکاوٹ بھارت سے دوستی اور تجارت کرنے والے ہیں۔کشمیریوں کے قاتل مودی کو جپھیاں ڈالنے والے کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کرتے ہیں۔ان حالات میں ضروری تھا کہ قوم کی طرف سے کشمیریوں کو یہ پیغام جاتا کہ حکمران بھارت کے دوست ہوسکتے ہیں مگر پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے اورہم کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

دریں اثنا سجادہ نشین خانقاہ حسینیہ پیر ثنااللہ حسینی نے اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی اور جماعت اسلامی کی اتحاد امت کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی کے لیے تمام مذہبی اور سیاسی رہنماﺅں کا اتحاد ضروری ہے ملک میں سیاسی افراتفری اور انتشار کا واحد حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔سینیٹر سراج الحق نے معاشرے کی اصلاح کے لیے خانقاہوں کے کردارکوسراہتے ہوئے کہا کہ علماءو مشائخ نے ہمیشہ قومی یکجہتی اور وحدت کے لیے بڑا اہم کردار ادا کیا ہے۔خانقاہی نظام اورروحانی شخصیات کا پاکستا ن بنانے میں بنیادی کردار تھا اب پاکستان بچانے کے لیے بھی انہیں ہی میدان میں آنا چاہیے۔انہوں نے پیر ثنا ءاللہ حسینی کو منصورہ آنے کی بھی دعوت دی ۔ 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں

سوشل میڈیا لنکس