Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

چینی سفیر کی اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے ملاقات


لاہور4فروری2018ء:پاکستان میں چین کے سفیر زاﺅجنگjao jing نے آج اسلام آباد میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے تفصیلی ملاقات کی ۔دوگھنٹے سے زائد جاری رہنے والی ملاقات میں پاک چین تعلقات ،مسئلہ کشمیر ،برما کے مسلمانوں اور افغانستان کی صورتحال سمیت دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔چینی سفیر نے امیر جماعت اسلامی کو دورہ چین کی دعوت دی اور دونوں رہنماﺅں نے ظہرانہ بھی اکٹھے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ،ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر اور ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان عبدا لغفار عزیزبھی موجود تھے ۔

سینیٹر سراج الحق نے چینی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی اور مضبوط تعلقات دونوں ملکوں کے عوام ہی کے لیے نہیں پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک جیسے دور رس چینی منصوبے پورے عالمی منظرنامے کو مثبت رخ دے سکتے ہیں۔ پاکستان اور چین کے عوام باہم اعتماد و تعاون کے ذریعے اس منصوبے کے خلاف جاری سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ہونے کے ناطے ہم ہر انسان کی بھلائی چاہتے ہیں۔ اسلام ہر شخص کے لیے سلامتی کا پیغام رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام کا خوبصورت اور مبنی بر انصاف پیغام مسخ کرنے کے لیے کئی عالمی قوتیں برسر پیکار ہیں۔بدقسمتی سے کئی مسلمان بھی ان کی سازشوں کا شکار ہوجاتے ہیں لیکن اسلام کے خلاف ان کی سازشیںاور بے بنیاد پراپیگنڈاناکامی سے دوچار ہوگا۔

 سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بےگناہ عوام گزشتہ ستر برس سے ہندوستانی مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں ہندوستان ان کے خلاف ظلم و جبر اور تشدد کے تمام حربے آزما رہا ہے لیکن تمام تر مظالم کے باوجود بھارت کشمیری عوام سے ان کا آزادی کامطالبہ چھین سکا نہ حق خودارادیت کے مطالبے سے انہیں روک سکا۔انہوں نے چینی سفیر سے اپیل کی کہ چین دیگر عالمی قوتوں اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر دو ایٹمی طاقتوں کے مابین اس حساس ترین مسئلے کو حل کروانے کی کوشش کرے۔

چینی سفیر نے ملک اور خطے میں امن و استحکام اور حقیقی جمہوری روایات کو پروان چڑھانے کے لیے جماعت اسلامی کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہم پاک چین تعلقات کو وسعت دینے اورمزید مضبوط بنانے کے لیے جماعت کی متوازن پالیسی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،چین کی اعلیٰ سیاسی قیادت جماعت اسلامی کی ان کوششوں کی معترف ہے اور ان کا خیر مقدم کرتی ہے۔ 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں

سوشل میڈیا لنکس