Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، جموں وکشمیر پربھارتی تسلط ختم کرنے کے لیے فیصلہ کن جدوجہد کی جائے۔میاں مقصوداحمد


لاہور29جنوری 2018ء:امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مہلک ہتھیاروں کے استعمال پر شدیدتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ہندوستان نے کشمیریوں پرظلم و بربریت کی انتہاکردی ہے۔پُرامن مظاہرین پر فائرنگ کرکے نوجوانوں کو شہید کرنا لمحہ فکریہ اورقابل مذمت امر ہے۔ہندوستان اپنی آٹھ لاکھ فوج کے ذریعے بھی مقبوضہ کشمیرکے عوام کی آوازکو دبانے میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت گزشتہ70برسو ں میں ایک لاکھ سے زائدبے گناہ کشمیری مسلمانوں کو شہیدکرچکا ہے۔اتنی بڑی تعدادمیں شہادتوں اورظلم وستم کی داستانیں رقم کرنے کے باوجود ہندوستان کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو ختم نہیں کرسکا بلکہ مظفروانی کی شہادت کے بعدسے آزادی کی تحریک میں شدت آچکی ہے۔مظفر وانی کوشہیدکرنے کے بعد بھارت نے پیلٹ گنوں اور کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرکے سینکڑوں کشمیریوں کو شہید اور ہزاروں کوبینائی سے محروم کردیا ہے۔افسوس ناک امرتویہ ہے کہ اقوام متحدہ، انسانیت کے علمبردار ممالک اور نام نہاد این جی او زکشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے حوالے سے خاموش تماشائی کاکردار اداکررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمدؒ کی کشمیرکے حوالے سے قومی خدمات پرخراج تحسین پیش کرنے کے لیے3فروری کو قومی سیمینارمنعقد کرے گی اور5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر حسب روایت پنجاب سمیت پورے ملک میں بھرپورطریقے سے منایاجائے گا۔اس سلسلے میں لاہور سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں اورمظاہرے کیے جائیں گے۔جماعت اسلامی کشمیریوں کی پشتیبان ہے۔ہم نے کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم کوہرسطح پر اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو70برسوں سے دبارکھا ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ جموں وکشمیر پر بھارتی تسلط ختم کرنے کے لیے فیصلہ کن جدوجہد کی جائے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کے21کروڑ عوام اس سے دستبردار ہونے کو تیا ر نہیں۔ہندوستان کشمیر کو اٹوٹ انگ تصور کرنا چھوڑ دے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ جنوبی ایشیا میں اس وقت تک پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا جب تک مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے عین مطابق نہیں نکالاجاتا۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس