Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

حکومت عقیدہ ختم نبوت کے معاملہ میں غلط بیانی اور گمراہ کن اشتہار بازی کو ختم کرے ۔ لیاقت بلوچ


لاہور13نومبر2017 ء:جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ حکومت انتخابات کو ملتوی کرانے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے ۔ اگر 2002 ء،2008 ءاور 2013 ءکے انتخابات سابقہ حلقہ بندیوں پر ہوسکتے ہیں تو 2018 ءکے انتخابات کیوں نہیں ۔ ملک میں تین کروڑ سے زائد مرد و خواتین کے ووٹوں کا اندراج نہیں مگر حکومت اور الیکشن کمیشن چپ سادھے بیٹھے ہیں اور کچھ کرنے کو تیار نہیں ۔خواتین ووٹرز کے کم ٹرن آﺅٹ پر پروپیگنڈا کرنے والے ان کے ووٹوں کو رجسٹر کرانے کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے انتخابی عمل کو مانیٹر کرنے والی معروف این جی او ” فافن “ کے عہدے داروں کے ساتھ منصورہ میں ہونے والی میٹنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ میٹنگ میں نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمدپراچہ ، محمد اصغر ، سید وقاص جعفری نے بھی شرکت کی ۔ 

دریں اثنا لیاقت بلوچ نے جامع مسجد عائشہ میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب اور اولڈ مسلم ٹاﺅن میں معززین کے عصرانہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتخابی اصلاحات بل کی آڑ میں عقیدہ ختم نبوت ، مسلم غیر مسلم کی ووٹر لسٹ ، ووٹر کے لیے فارم میں حلف عقیدہ ختم نبوت میں ترامیم کر دی گئیں جس سے پاکستان کے آئین کی بنیادوں کو بیمار کر دیا ہے حکومت مسلسل دھوکہ بازی کر رہی ہے تمام ترامیم کو مکمل طور پر واپس لیا جائے اور قانون سازی مکمل کی جائے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان سیاسی ، معاشی اور سلامتی کے بحرانوں سے دوچار ہے ۔ جمہوری انتخابی عمل اور عدلیہ کی حفاظت تمام جمہوری قوتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آل پارٹیز کانفرنس بلائیں ، پارلیمنٹ اپنا فعال جمہوری کردار ادا کرے ۔ قومی ایکشن پلان ، پاک چائینہ اقتصادی راہداری منصوبہ کی طرح موجودہ حالات میں متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے ۔ اداروں کے درمیان ٹکراﺅ میں جمہور اور جمہوریت ہی نقصان میں ہوں گے ۔ حکومت عقیدہ ختم نبوت کے معاملہ میں غلط بیانی اور گمراہ کن اشتہار بازی کو ختم کرے ۔ انتخابات ایکٹ 2017 میں غلطی پر غلطی سر زد ہونے پر اللہ اور قوم سے معافی مانگے ۔ اس موقع پر احمد سلمان بلوچ ، عمریونس مفتی ، ڈاکٹر جمشید اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس