Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

شہر بھر میں ڈینگی اور چکن گونیا سے بچاؤ کے لیے مچھر مار اسپرے مہم کا آغاز کردیاگیا


کراچی ؍12نومبر 2017ء: جماعت اسلامی اور الخدمت کے تحت شہر بھر میں ڈینگی اور چکن گونیا سے بچاؤکے لیے ’’مچھر مار اسپرے ‘‘مہم کے تیسرے مرحلہ کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بہادر آباد سے مہم کا آغاز کیا۔ دریں اثناء میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو بھی کی ۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے منتخب پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اسپرے مہم کے دوران مختلف جماعتوں کے ذمہ داران وکارکنان نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا جس پر حافظ نعیم الرحمن نے ان کا خیر مقدم کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آج سے اسپرے مہم کے تیسرے مرحلہ کا آغاز کردیا ہے اس سے قبل شہر بھر میں 68سے زائد مقامات پر ڈینگی اسپرے کیا جاچکاہے جس سے کراچی کے ایک کروڑ سے زائد افراد نے استفادہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو ڈینگی مچھر اور چکن گونیا سے نجات دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے اوراس کے لیے کسی اختیارات کی ضرورت نہیں ہوتی ۔ بلدیاتی حکومت کے پاس ڈینگی اسپرے کے لیے تمام اشیاء موجود ہیں اور کاغذی کاروائی میں سب کچھ ہوبھی رہا ہے لیکن عملاً ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں ۔ میئر کراچی تمام یونین کمیٹیوں اور چیرمین کو فنڈ جاری کریں تاکہ شہر میں کام ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت صرف ایک این جی اوز ہے جو رفاہی وفلاحی کاموں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے ۔ ہم مخیر حضرات سے اپیل کرتے ہیں کہ الخدمت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ اسپرے مہم کو مزید آگے بڑھاسکیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم میڈیا کے نمائندوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے عوام کی درست سمت کی جانب رہنمائی کرنے کے لیے ایم کیو ایم اور پی ایس پی کی پریس کانفرنس کی کوریج دی اور ان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے پیش کیا ۔ 35سالوں سے مہاجروں کے نام پر سیاست کی جارہی ہے ، اب مہاجروں کی تذلیل ختم ہونا چاہیئے ۔ آج ایم کیو ایم اور پی ایس پی لینڈ کروزر کی قیمت پر بات کررہے ہیں اور ایک دوسرے پر الزامات لگارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2001سے 2005تک سابق سٹی ناظم نعت اللہ خان نے شہر کی خدمت کی لیکن آج تک خود ایم کیو ایم بھی ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکی لیکن آج ایم کیو ایم اور پی ایس پی ایک دوسرے پر کرپشن کے الزامات لگارہے ہیں ۔2005سے اب تک اس شہر میں ایم کیو ایم کی حکومت رہی ہے لیکن کراچی کے عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے رابطہ عوام مہم شروع کردیا ہے اور عوام کے سامنے جارہے ہیں ایک بار پھر سے کراچی کی رونقیں ، تعلیمی ادارے اور تہذیب و شائستگی کو واپس لائیں گے ۔ ہم اپنے حصے کا کام کررہے ہیں اور اب عوام کا مستقبل اپنے ہاتھوں میں ہیں وہ اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کریں اور عصبیت اور نفرتوں کی سیاست کو خیر باد کہیں۔جنید مکاتی نے کہا کہ کراچی کے حالات سب کے سامنے ہیں عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی سنجیدہ نہیں ہے ، پانی ، بجلی ، گیس تمام مسائل کے حل میں ہمیشہ سے جماعت اسلامی ہی عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کے مسائل کے حل کے لیے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کو 500ارب روپے کا فنڈ جاری کیا جائے تاکہ کراچی کے مسائل حل ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ مچھر مار اسپرے اور چکن گونیا سے بچاؤ کے لیے اسپرے کی ذمہ داری میئر کراچی پر عائد ہوتی ہے ، ڈینگی وائرس سے اب تک کئی افراد بیمار ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے آج سے پورے شہر میں ڈینگی اور چکن گونیا سے بچاؤ کے لیے اسپرے مہم کا آغاز کردیا ہے ۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس