Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

جماعت اسلامی کے تحت روہنگیا مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مساجد کے باہر مظاہرے


کراچی ؍08 ستمبر2017ء: جماعت اسلامی کے تحت اتوار 10ستمبر کو امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی زیرِ قیادت مزارِ قائد تا تبت سینٹر ہو نے والے ’’سپورٹ روہنگیا مارچ‘‘ کی تیاریوں ،روہنگیا ئی مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم کے خلاف اور مظلوم و نہتے مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے سلسلے میں جمعہ کے روز کراچی کی سینکڑوں مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے ہو ئے ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے۔مظاہرین نے برما کے بدھسٹ حکمرانوں اور فوج ،اقوامِ متحدہ ،عالمی انسانی حقوق کے اداروں اور بڑی طاقتوں کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور ان کی خاموشی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ۔مظاہرین سے جماعت اسلامی کے مقامی رہنماؤں اور ذمہ داران نے خطاب کیا ۔اس مو قع پر ہزاروں کی تعداد میں ہینڈ بلز بھی تقسیم کیے گئے اور عوام کو مارچ میں شر کت کی دعوت دی گئی ۔عوام کے کے اندر جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور مارچ میں شر کت پر آمادگی کا اظہار کیا گیا ۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی کی اپیل پر شہر بھر میں مساجد کے امام اور آئمہ حضرات نے اپنی تقاریر اور خطبوں میں روہنگیائی مسلمانوں پر مظالم اور برما کے حکمرانوں کے افسوس ناک اور متعصبانہ کردار کو موضوع بنایا اور ان کی اور عالمی اداروں کی شدید مذمت کی اور مظلوم اور نہتے مسلمانوں سے بھر پور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کی سلامتی ،جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔علاوہ ازیں برمی مہاجرین کے لیے جھولی فنڈ بھی جمع کیا گیا اور عوام نے بھر پور تعاون کر تے ہوئے فنڈ میں نقد عطیات جمع کرائے ۔تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی تقریباً 50، ضلع شرقی میں 40، ضلع غربی میں 30،ضلع جنوبی میں 30اور ضلع بن قاسم میں 50سے زائد مقامات اور مساجدکے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے، کارنرمیٹنگز کا انعقاد کیا گیااور جھولی فنڈز جمع کیا گیا ۔ مظاہروں سے امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق خان ، امیر جماعت اسلامی ضلع بن قاسم عبد الجمیل ، قیم ضلع بن قاسم مرزا فرحان بیگ ،سیکریٹری ضلع وسطی محمد یوسف، نائب امراء ضلع وسطی خالد صدیقی، محمد احمد قاری، محمود حامد، عبدالغفار بیگ، زاہد بن حنیف، حسن صدیقی،جمعیت اتحاد العلماء ضلع شرقی کے صدر مولانا خالد مسعود ، مختلف امراء زون اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناء جماعت اسلامی کے تحت 10ستمبر کے ’’سپورٹ روہنگیا مارچ ‘‘ کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں ۔مردو خواتین ،کارکنان اور ذمہ داران عوام سے رابطے کر رہے ہیں اور مارچ میں شر کت کی دعوت دے رہے ہیں ۔بڑی تعداد میں ہینڈ بلز تقسیم کیے جاچکے ہیں ۔شہر بھر میں بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں اور موبائل پبلسٹی بھی شروع کر دی گئی ہے ۔شہر کے اہم پبلک مقامات ،چوراہوں اور بڑی شاہراہوں پر کیمپ بھی لگا دیئے گئے ہیں ۔جہاں سے شہریوں کو مارچ میں شر کت کی دعوت دی جارہی ہے اور روہنگیائی مسلمانوں پر مظالم کے حوالے سے تیار کی گئی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی جارہی ہے ۔مار چ میں خواتین بھی شر کت کریں گی جن کے لیے الگ سے انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے ۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس