Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

ملک و ملت کو بحرانوں سےنکالنے کے لیے چودہ اگست سے ملک بھر میں رابطہ عوام تحریک شروع کریں گے۔لیاقت بلوچ


لاہور 10اگست 2017ء: جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے منصورہ میں جماعت اسلامی کے مرکزی شعبہ جات کے ناظمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ چودہ اگست کو مرکز منصورہ اور ملک بھر میں 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر شاندار تقاریب کا اہتمام ہوگا ۔ اللہ نے پاکستان کے عوام کو آزادی کی نعمت ، جغرافیائی اور قدرتی وسائل سے مالا مال کیاہے ۔ آئین ، جمہوریت ، پارلیمانی نظام ، ایٹمی صلاحیت ، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ اور بڑے امکانات پاکستان کی طاقت ہیں لیکن کرپٹ نظام اور قیادت نے قرضے ، کرپشن ، ذلت و رسوائی دی ہے ۔ جماعت اسلامی ملک و ملت کو بحرانوں سے نجات دلائے گی ۔ چودہ اگست سے ملک بھر میں رابطہ عوام تحریک شروع ہوگی ۔ کارکنان کروڑوں عوام سے گھر گھر ، دکان دکان ، دفتر دفتر ، کھیت کھیت رابطہ کریں گے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد فیصلہ کو تسلیم کر کے جمہوری نظام کو تہ و بالا کرنے کے لیے جی ٹی روڈ پر نکلے ہیں ۔ سیاسی جلسے جلوس ریلیاں سیاسی جماعتوں کا آئینی جمہوری حق ہے لیکن میاں نوازشریف اور ان کے خاندان کو نااہلی کے بعد نیب ریفرنس اور احتساب عدالتوں کا سامنا ہے ۔ احتساب عدالتوں سے نجات ممکن نظر نہیں آتی اسی لیے سیاسی جمہوری محاذ پر تصادم کا راستہ اختیار کیا جارہاہے ، نااہلی سے حکمران جماعت کو دھچکا لگاہے ۔ احتساب کے عمل سے سزا کے بعد کیا ہوگا یہ نوشتہ دیوار ہے ۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ احتساب حکمران خاندان تک محدود نہیں رہنا چاہیے احتساب سب کا ہو اور 2018 ءکے انتخابات سے پہلے احتسابی عمل مکمل کیا جائے ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے لاہور میں جماعت اہلحدیث کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت اور جماعت اسلامی کے سماجی رہنما ڈاکٹر میجر طارق جاوید مرحوم کی نماز جنازہ میںشرکت کی۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس