Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

اہم خبریں

نظریہ پاکستان اور آئین پاکستان کو کسی بھی صورت نقصان نہیں پہنچنے دینگے۔سینیٹرسراج الحق


لاہور8اگست2017ء:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ نظریہ پاکستان اور آئین پاکستان کو کسی بھی صورت نقصان نہیں پہنچنے دینگے،وزیر اعظم کاآئین سے دفعہ 62اور63نکالنے کی بات کی مذمت بھی کرتے ہیں اور مزاحمت کااعلان بھی کرتے ہیں ،ہم آئین کی ان دفعات کو ہر ادارے میں لاگو کرنے کیلئے جدوجہد کرینگے،ملک کو بیرونی قوتوں سے زیادہ ہمارے اپنے حکمرانوں اور بیوروکریٹس سے خطرات ہیں، صوبائی حکومت میں اپنے حصے کی کارکردگی سے مطمئن ہیں ،ہماری وزارتوں میں ایسی بہتری آئی ہے کہ عوام وہ بہتری خود محسوس کررہے ہیں،خیبربنک کے حوالے سے تمام معاملات سامنے آچکے ہیں،ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ تمام انکوائریوں میں ہمارے وزیر پرکسی مالی بدعنوانی کاالزام ثابت نہیں ہوا،خیبربینک ایم ڈی کے حوالے سے صوبائی جماعت نے وزیر اعلیٰ سے براہ راست رابطہ کرلیاہے اور ایم ڈی ہٹانے کیلئے باقاعدہ مہلت دے دی ہے۔افغانستان میں امن سے پاکستان کا امن وابستہ ہے،سیاست میں خواتین کو چوکوں اور چوراہوں میں گھسیٹنااور موضوع بحث بناناانتہائی شرمناک ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں اباسین آرٹس کونسل پشاور کے زیر اہتمام ممتاز صحافی شریف فاروق کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی اس ملک میں اسلامی نظام کیلئے روز اول سے جدوجہد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں ہمارے لئے تمام آپشن موجود ہیں،دینی جماعتوں کے درمیان کوئی فاصلے نہیں ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ آنے والے انتخابات میں قوم کو ایسی قیادت دینے کیلئے جدوجہد کررہی ہے جو کلین ہواور آئین کے دفعہ 62اور 63پرپورا اترتی ہو۔ آئین میں الیکشن کے حوالے سے جو دفعات ہیں اور جوقوانین ہیں ان پر عمل کیا تو پھر قوم کو کلین اور نیک شہرت قیادت مل جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر ملک میں اقتدار پر چند خوانین ،جاگیردار اور مٹھی بھر اشرافیہ کا قبضہ ہے تو اسکی وجہ قانون و آئین پر عمل نہ کرنا ہے ۔ملک میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ایک نئے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے اور انشاءاللہ بہت جلد قوم کو سپریم کورٹ کی جانب سے مزید خوشخبریاں ملیں گی۔انہوں نے کہا کہ قوم بھی اب ان لوگوں کو جان چکی ہے جو بار بار مختلف چہروں ،جماعتوں ،جھنڈوں اور نعروں کے ذرےعے ملک پر مسلط رہے قومی خزانے کو لوٹا اور لوٹی ہوئی رقم بیرونی ممالک کے بنکوں منتقل کردی ،اب عوام ان لوگوں کا احتساب چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اس مٹھی بھر اشرافیہ سے نجات کیلئے طویل ترین تحریک چلائی،اس دوران کئی کارکن شہید اور کئی زخمی ہوئے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں اب یہ تحریک باالآخر فیصلہ کن مرحلے میں ہیں جبکہ دوسری طرف اسی تحریک کے نتیجے میں ملک کا وزیر اعظم کٹہرے میں ہے اور نااہل ہوچکا ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کرپشن کے خلاف ہماری اس تحریک میں میڈیا کا کردار بھی قابل ستائش ہے میڈیا نے اس تحریک میں بھرپور ساتھ دیا اور ہم امید کرتے ہیں کہ ایک پرامن، فلاحی معاشرے اور اسلامی پاکستان کے قیام تک میڈیا ہمارے شانہ بشانہ ہوگا۔سینیٹر سراج الحق نے ممتاز صحافی ،دانشوراور قائد اعظم ؒ کے سوانح نگار شریف فاروق (تمغہ امتیاز)کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس