Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

سپریم کورٹ محض نصیحت نہیں ، فیصلہ کرے گی اور یہ ایسا فیصلہ ہوگا جس سے عوام جیت جائیں گے اور کرپشن ہار جائے گی ۔سراج الحق


 لاہور 19اپریل 2017 ء: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اس امید کا اظہار کیاہے کہ سپریم کورٹ محض نصیحت نہیں ، فیصلہ کرے گی اور یہ ایسا فیصلہ ہوگا جس سے عوام جیت جائیں گے اور کرپشن ہار جائے گی ۔ ہماری جنگ کسی فرد کے نہیں ، کرپشن کے ساتھ ہے ۔ عوام کرپشن سے پاک پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو اور بعد ازاں ان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عدالت عظمیٰ نے خود کہاہے کہ ایسا فیصلہ دیں گے جسے لوگ طویل عرصہ تک یاد رکھیں گے ، لہٰذا ہمیں یقین ہے کہ یہ فیصلہ ملک کی سب سے بڑی بیماری کرپشن کے خلاف ہوگا ۔ اب کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے ۔ یہ نہیں ہوسکتا کہ کرپشن بھی موجو د ہو اور معیشت اپنے پاﺅں پر کھڑی ہو جائے ۔ قومی معیشت کی بربادی اور عوام کی محرومیوں کا سب سے بڑا سبب حکمرانوں کی کرپشن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ غیروں میں چھپے دہشتگردوں سے یہ سیاسی اور معاشی دہشتگرد زیادہ خطرناک ہیں جنہوں نے بیس کروڑ عوام کو یرغمال بنارکھاہے اور ان کی خوشیاں چھین کر انہیں مایوسی اور ناامیدی کے اندھیروں میں دھکیل دیاہے ۔ عوام مہنگائی ، غربت اور بدترین لوڈشیڈنگ کے ہاتھوں تنگ آ کر خود کشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں ۔ لوڈشیڈنگ نے تمام کاروبار زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے ۔ حکمرانوں نے گزشتہ انتخابات سے قبل جس طرح چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کر نے کے بلند و بانگ دعوے اور وعدے کیے تھے ، اب چار سال گزارنے کے بعد 2018 ءکے انتخابات سے قبل بھی وہی دعوے اور وعدے کیے جارہے ہیں ۔ حکومت کا سارا کاروبار اشتہارات پر چل رہا ہے ۔ عوام کے پیسے سے حکمران اپنی انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکمران سمجھتے ہیں کہ ایک بار پھر وہ عوام کو دھوکہ دینے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس