Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتاجا رہا ہے۔میاں مقصوداحمد


 لاہور17مارچ 2017ء: امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ ملک میں مہنگائی،بیروزگاری،کرپشن ،دہشتگردی اور دیگر بہت سارے مسائل نے عوام کی مشکلات اور پریشانیوں میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔کرپشن نے ملکی جڑوں کو کھوکھلا کرکے رکھ دیا ہے۔احتساب کا نظام عملاً ناپید ہونے کی وجہ سے کرپٹ ٹولہ ملک کو لوٹنے میں مصروف ہے۔جب تک ملک سے کرپشن کا قلع قمع نہیں کیاجاتا ترقی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ محب وطن قیادت کے فقدان نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔مٹھی بھر کرپٹ مافیانے تمام اختیارات پر قبضہ جمارکھاہے۔ہردور حکومت میں قومی خزانے سے لوٹ مار کرکے جائیدادیں اور بنک بیلنس بنائے گئے مگر ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے کہاکہ غریب عوام کااستحصال ہر دورحکومت میں ہوتاچلاآرہا ہے۔غربت نے عوام کا جینا محال کردیا ہے۔لوگوں کے پاس بنیادی سہولیات اور کھانے کودووقت کی روٹی میسر نہیں جبکہ حکمرانوں کی جانب سے آئے روزغربت کے خاتمے کے اعلان ہوتے رہتے ہیں۔مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث جرائم کی شرح میں اضافہ ہوتاجا رہا ہے۔پڑھے لکھے نوجوان جرائم کی دلدل میں دھنستے جارہے ہیں۔حکمران ووٹ مانگنے کے لئے صرف عوام کواپنامنہ دکھاتے ہیں باقی پانچ برس اقتدار کے مزے لوٹتے ہیں۔ جب تک حکمرانوں کے قول وفعل میں تضاد رہے گا تب تک ملک وقوم کومخلص اور محب وطن اور کرپشن سے پاک قیادت میسر نہیں آسکتی۔انہوں نے مزیدکہاکہ وطن عزیز میں انگریزوں کا نظام رائج ہے۔سود عام ہوچکاہے۔ملک وقوم کودرپیش مسائل کے حل کے لئے سودی طرزمعیشت کوچھوڑ کراسلامی معاشی نظام کو اختیار کرناچاہئے۔اس حوالے سے مدینہ منورہ کی ریاست ہمارے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس