Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

مرکزی مجلس شوریٰ یکم تا3ربیع الاول بمطابق 1435ھ،بمطابق3تا5جنوری 2014ء کے فیصلے اور اہم نکات سے آگاہی کا سرکلرز

بخدمت امرائے صوبہ ،حلقہ ، اضلاع اور زون جماعت اسلامی پاکستان
بخدمت قیمہ ،ناظمات صوبہ اور اضلاع حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان
بخدمت ذمہ داران برادر تنظیمات جماعت اسلامی پاکستان
بخدمت مرکزی ذمہ داران جماعت اسلامی پاکستان

السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ!
اُمید ہے آپ خیریت سے ہوں گے ۔
جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس یکم تا3ربیع الاول بمطابق 1435ھ،بمطابق3تا5جنوری 2014ء بروزجمعہ ، ہفتہ اور اتوار محترم امیرجماعت اسلامی پاکستان سیدمنورحسن صاحب کی زیر صدارت منصورہ لاہور میں منعقد ہوا ۔ ذیل میں شوریٰ کے فیصلے اور اہم نکات آپ کے علم واطلاع اور عمل درآمد کے لیے پیش خدمت ہیں ۔ براہ کرم ان فیصلوں سے تمام ارکان و کارکنان جماعت کو بھی آگاہ کرنے کا اہتمام فرمائیں۔
٭۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مرحومین و شہداءکے لیے دعائے مغفرت کی گئی ۔
٭۔ متبادل صدور کے طور پر چوہدری محمداسلم سلیمی صاحب ،ڈاکٹر محمد کمال صاحب اور سراج الحق صاحب کا تقر ر کیا گیا۔
٭۔ ارکان مجلس شوریٰ فاروق نعمت اللہ (نومنتخب حلقہ کراچی ) اورضمنی انتخاب میں منتخب ہونے والے ممتاز حسین سہتو (حلقہ سکھر،گھوٹکی،نوشہرو فیروز، شکارپور،خیرپور ) ،مہر بہادرخان (حلقہ بھکر، چنیوٹ،جھنگ )،راناتحفہ دستگیر احمد(حلقہ شیخوپورہ) نے حلف اٹھایا۔
٭۔ محترم امیرجماعت نے افتتاحی خطاب فرمایا۔
جماعت اسلامی کی اپروچ اس لحاظ سے دیگر سیاسی جماعتوں سے مختلف ہے کہ ہم نظام کی تبدیلی کی بات کرتے ہیں۔ انتخابی میدان میں اپنی کم حیثیت کے باوجود جماعت اور اس کی تنظیمات کو اسٹریٹ پاورکے حوالہ سے نمایاں حیثیت حاصل ہے اور مقتدر طبقات عموماً اس حوالہ سے پریشان اور محتاط رہتے ہیں۔ یوں یہ ہمارا ایک اثاثہ ہے جسے نظریاتی اور سیاسی دائرے میں اپنے مقاصد و اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے استعمال کرنے کے قابل ہونا چاہیے ۔دوسری جانب یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ہماری تنظیم اور سرگرمی بنیادی طور پر پرامن جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔
کشمیر اور بھارت کے حوالہ سے حکومت کی جانب سے موقف میں جس قسم کی تبدیلی آ رہی ہے اس پر ہماری جانب سے بیانات آتے رہتے ہیں لیکن اس سے بڑھ کر ان مسائل کو اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ اسی طرح افغانستان سے امریکی فوجیوں کی واپسی کے نام پر جھوٹ بولا جارہاہے اسے بھی بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان تعلقات بھی خطہ کی سیاست کا ایک اہم عنوان ہے جو ہماری توجہ چاہتاہے۔
حال ہی میں پرویز مشرف کی عدالت سے غیرحاضری کے لیے جس طرح کاڈرامہ رچانے کی تیاریاں ہو رہی ہیں اس پر بھی سنجیدہ اور متوازن انداز میں لوگوں کو ایجوکیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ بنگلہ دیش میں بھارت کے اثرات اور اس کی بنیاد پر وہاں ہونے والے مظالم بھی ایسا ہی ایک عنوان ہے۔یہ تمام ایشوز بظاہر سیاسی لیکن اصل میں نظریاتی ہی ہیں۔
٭۔ خالد رحمن نائب قیم جماعت اسلامی پاکستان نے مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس 19۔20رجب المرجب 1434ھ بمطابق 30۔31مئی 2013 اور مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس مورخہ 15اگست اور 30نومبر 2013ءکی کاروائیاں پیش کیں ۔ مجلس نے ان کی توثیق کی ۔
٭۔ قیم جماعت نے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ پیش کیا۔
l۔مجالس قائمہ برائے سیاسی امور و منصوبہ بندی اُمور کی نشستیں ہوگئی تھیں ان کی رپورٹس پیش کردی جائیں گی ۔
l۔حلقہ خواتین نظم کے ساتھ مرکزی اور صوبائی نظم کی نشست منعقد ہوگئی تھی ، افادیت کے پیش نظر اسے جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔
l۔بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالہ سے قیم جماعت کا دورہ بھی ہوا اور صوبوں میں نشستیں بھی ہوئیں۔
l۔اجتماع عام کے حوالہ سے قائمہ کمیٹی کا اجلاس ہوگیاتھا ۔ عمومی رائے یہی بنی اور فیصلہ ہواکہ اجتماع عام 2014ءمیں منعقد کیاجائے گا۔
l۔قبائلی علاقہ جات میں جماعت کے ساتھیوں پر کی جانے والی زیادتیوں پر مختلف حکومتی ذمہ داران سے سراج الحق صاحب نائب امیر
جماعت اسلامی پاکستان نے ملاقاتیں بھی کی ہیں، تاہم گورنر سے ملاقات نہیں ہوئی۔
l۔18ویں آئینی ترمیم پر نظرثانی کے لیے حکومتی کمیٹی کے حوالہ سے تعلیم کے ضمن میں نظر ثانی کے لیے قائم کمیٹی کی بابت پروفیسر خورشید احمد
صاحب اور چوہدری محمد اسلم سلیمی صاحب کے مشورہ سے تدریجاً اقدامات کیے جارہے ہیں۔
l۔علمی حوالوں سے بہتری کے لیے علمی اور تحقیقی اداروں کے ذمہ داران کی نشست پیش نظر ہے۔
l۔کراچی کمیٹی کی متعدد نشستیں ہوئیں اور فیصلوں کی تنفیذ کی گئی ۔
l۔کراچی کمیٹی اور تادیب کی تنفیذ کے حوالہ سے ارکان کمیٹی اور ارکان شوریٰ نے اظہار خیال کیا ۔بحث کو سمیٹتے ہوئے محترم امیرجماعت نے رائے دی : ۔ ہم ایک انسانی معاشرہ میں ہیں ایک دوسرے کی کمزوری کو نظر انداز کرتے ہوئے ہمیں لوگوں کو ساتھ رکھنے کو ہدف بنانا چاہیے۔ اصلاح کے لیے تذکیر،ترغیب اور کوئی اور طریقہ بھی اختیار کیاجاسکتاہے۔مجلس نے کراچی جماعت کے ارکان کے اطاعتِ نظم اور تادیب کے فیصلے کی بھی احسن انداز میں تنفیذ کے بعد اتفاق سے فیصلے کیا کہ کراچی کمیٹی کی رپورٹ اور تادیب میں بقیہ مدت کے لیے تادیب ختم کردی جائے۔
٭۔ امیرجماعت کے انتخاب کے لیے ناظم انتخاب کے طور پر عبدالحفیظ احمد صاحب کاتقرر کیاگیا۔ انتخابی ٹربیونل کے لیے چوہدری محمد اسلم سلیمی صاحب (چیئرمین) ،حافظ محمد ادریس صاحب (لاہور)،ڈاکٹر عطاءالرحمن صاحب (مردان)، برجیس احمد صاحب (کراچی)،عبدالحق ہاشمی صاحب (کوئٹہ(کا تقرر کیاگیا۔
٭۔ کل پاکستان اجتماع عام اکتوبر 2014ءلاہور میں منعقد کیاجائے گا۔ ناظم اجتماع میاں مقصود احمد صاحب ہوں گے۔
٭۔ جماعت کے کام کی سالانہ رپورٹ از یکم اکتوبر 2012ءتا30ستمبر 2013ءمحترم قیم جماعت نے ملٹی میڈیا پر پیش کی جبکہ ارکان جماعت کی تعداد میں کمی اور زائد از مدت درخواست ہائے رکنیت کاجائزہ امرائے صوبہ نے پیش کیا۔ توجہ دلائی گئی کہ معیار رکنیت پر پورا اترنے والے امیدواران کی درخواستوں کی منظوری میں تاخیر نہ کی جائے۔ اور اُمیدواروں کی تربیت کے پیش نظر شعبہ تربیت کو ہر سطح پر فعال کیاجائے۔
٭۔ منصوبہ عمل پر عمل درآمد کاجائزہ قیمین صوبہ جات نے پیش کیا۔
٭۔ صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان صاحب نے صوبہ خیبر میں بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ امراءصوبہ نے بلدیاتی انتخابات کے لیے اپنے اپنے صوبوں میں تیاری کاجائزہ پیش کیا۔ صاحبزادہ طارق اللہ صاحب ایم این اے و پارلیمانی لیڈر نے پارلیمانی رپورٹ پیش کی ۔
٭۔ عمومی مشاورت اور محترم امیرجماعت کی ہدایت کے نتیجے میں توجہ دلائی گئی کہ صوبہ خیبر میں بالخصوص اور ملکی سطح پر عمومی لحاظ سے اُردو کی تنفیذکے لیے ہر جگہ ہمیں اپناکردار ادا کرناچاہیے تاکہ ذریعہ تعلیم بھی اُردو قرار پائے اور کاروبار مملکت بھی آئین کی رو سے قومی زبان میںبھی ہو۔
٭۔مرکزی بیت المال کے حسابات کی آڈٹ رپورٹ سال 2011ء۔2012ءسید حفیظ اللہ صاحب نے پیش کی ۔آڈٹ رپورٹ میں اٹھائے گئے نکات کی وضاحت ناظم مالیات بشیر احمد عارف صاحب نے پیش کی اور اصلاح طلب اُمور میں ہونے والی ضروری کاروائی سے آگاہ کیا۔مجلس نے سید حفیظ اللہ صاحب کے کام کی تحسین کی اور اگلے سال کے لیے بھی آڈیٹر کے طور پر سید حفیظ اللہ صاحب کاتقرر کیاگیا۔
٭۔ عام انتخابات مئی 2012ءکے لیے مرکزی مالیات کی طرف سے چھپوائے گئے کوپنز اضلاع میں موجود ہیں ۔ ان کے بر وقت حسابات اور آڈٹ کی طرف مجلس نے متوجہ کیا۔
٭۔ مرکزی ناظم مالیات بشیر احمد عارف صاحب نے آئندہ سال 2014ءکابجٹ پیش کیا، بجٹ بعض ترامیم اور اضافوں کے ساتھ منظور کرلیاگیا۔
٭۔ منصوبہ عمل جماعت اسلامی پاکستان برائے سال 2014ءسراج الحق صاحب صدر منصوبہ کمیٹی نے پیش کیا ۔ اس پر اراکین مجلس کے استفسارات ،تبصروں اور تجاویز کی روشنی میں گفتگو ہوئی اور منظوری دی گئی ۔جماعت کے کام کو مزید مو ¿ثر بنانے اور عوامی نفوذ کے لیے منصوبہ کمیٹی کو واضح اہداف کے ساتھ بعض مو ¿ثر اقدامات تجویز کرنے کا ٹاسک دیا گیا۔
٭۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ صاحب نائب قیم جماعت نے مجالس قائمہ اور دیگر کمیٹیوں کی رپورٹس پڑھ کر سنائیں۔
٭۔ قرطبہ کی تحریری رپورٹس سرفراز احمد خان صاحب نے پیش کی اور اس حوالہ سے استفسارات کے جوابا ت دیئے ۔
اختتامی خطاب محترم امیرجماعت !
آج (5جنوری )کشمیریوں کا یوم حق خودارادیت ہے میں اس موقع پر یہ کہناچاہتاہوںکہ بڑے عرصے بعد یورپی یونین کے صدر کی طرف سے جو بیان کشمیر کے حوالہ سے آیا ہے وہ حقیقت پر مبنی ہے ۔ اس نے برملا کہاہے کہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے اور یہ کہ اس میں وہاں کی ملٹری اور پیرا ملٹری فورسز ملوث ہیں ۔ کشمیریوں کی نمائندگی کے حوالہ سے بھی انہوںنے بھلی بات کہی ہے ۔ اس طرح کی پیش رفت کو بڑے پیمانے پر پھیلانے کی ضرورت ہے۔
l اسلامی نظامت تعلیم ہمارا شعبہ ہے ۔ مرکزکی سطح پر فعالیت موجود ہے تاہم اضلاع میں اس کی فعالیت کے لیے ضلع کی کارکردگی رپورٹ میں اس کے جائزہ کا نظام پر بھی غور ہونا چاہیے۔ اسلامک پبلی کیشنز نے اس سال مولانا مودودی ؒ کے خطبات کو ایک لاکھ کی تعداد میں چھاپنے کا منصوبہ بنایاہے ۔ اس کتاب نے بے شمار لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپاکیاہے۔ اس کی اشاعت اور استفادہ تنظیم جماعت ہی کاکام ہے صوبائی نظم اور خواتین نظم اس طرف خصوصی توجہ دیں ۔
l دعوت کے پیغام کو کہکشاں کی طرح پھیلانا چاہیے اور یہ صد فی صد درست ہے کہ اس کے بغیر سیاسی کامیابی بھی ممکن نہ ہوگی ۔ملک میں فہم دین کے سلسلے کو بھی بڑے پیمانے پر پھیلانے کی ضرورت ہے اس کے نتیجے میں قرآن کی دعوت بھی پھیلتی ہے اور ہمارا دینی تاثر بھی نمایاں ہوتاہے۔
l کراچی آپریشن کے حوالہ سے اب نیوز چینلز پر بھی تبصرے ، تجزیے کم ہوگئے ہیں اور اب یہ کم و بیش بلاناغہ کہا جاتاہے کہ اتنا اسلحہ اور گولہ بارود ایک سیاسی دفتر سے برآمد ہوا ۔ اس سیا سی جماعت کانام لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے ۔ گرفتاری اور مقدمہ کے حوالہ سے بھی لوگوں کے علم میں آنا چاہیے۔ مجرموں کے بارے میں بتائے بغیر اصلاح کی صورتیں کامیاب نہیں ہوسکتیں ۔ عوام کو اعتماد میں لینا اور خوش دلی سے مجرموں کا تعاقب کرنا، حالات کے سدھار کے لیے ضروری ہے ۔
l پرویز مشرف کو بچانے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔ ہمارا مطالبہ واضح ہے کہ پرویز مشرف پر مقدمہ چلنا چاہیے اور کسی چور دروازہ سے فرار کی صورت میں ہم بھرپور مزاحمت کریں گے ۔
l سالانہ منصوبہ عمل منظور ہوچکاہے ۔ جنوری کے آخر تک ہر جگہ منصوبہ بنالیا جائے اور عمل درآمد کے لیے بھی ٹیم بنالی جائے ۔ اچھا منصوبہ اس وقت کارآمد ہے جب اس پر عمل درآمد ہو۔
l اس وقت پوری دنیا میں اسلامی تحریکیں شدید آزمائش سے دوچار ہیں ۔ بنگلہ دیش میں حکمران پارٹی کے منعقدہ الیکشن میں درجنوں افراد شہید ہوگئے ۔ مصر میں دودن پہلے بھی قتل عام ہوا۔ اپنے ان بھائیوں کے لیے دعاﺅں کی ضرورت ہے۔
٭۔ مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس میں 16مختلف موضوعات پر قرار دادیں پیش کی گئیں ۔ قراردادوں کے مکمل متن روزنامہ جسارت اور ہفت روزہ ایشیا میں شائع کیے گئے ہیں ۔ توقع ہے کہ ارکان و کارکنان پالیسی اُمور پر جماعت کی سوچ اور فیصلوں سے آگاہی کے لیے قراردادوں سے بھرپور استفادہ کریں گے اور انہیں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کابھی اہتمام کریں گے۔ ان قراردادوں کو متعلقہ محکموں اور اداروں تک بھی پہنچایاجائے گا۔
l رب کریم سے دعاہے کہ وہ ہمارے فیصلوں میں برکت عطا فرمائے ،انہیں ملک و قوم اور جماعت کے لیے سود مند بنائے اور ہم سب کو ان پر عمل درآمد کرنے کی توفیق مرحمت فرمائے ،آمین۔
٭۔ 06:50محترم امیرجماعت کی دعا سے اجلاس کااختتام ہوا ۔
والسلام
خاکسار
(لیاقت بلوچ)
قیم جماعت اسلامی پاکستان

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں

سوشل میڈیا لنکس