Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

14جون بروز جمعۃ المبارک برما میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف یوم احتجاج کے حوالے سے سرکلر

بخدمت امرائے صوبہ ،حلقہ اور اضلاع جماعت اسلامی پاکستان
بخدمت قیمہ ،ناظمات صوبہ اور اضلاع حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان
بخدمت سربراہان برادر تنظیمات جماعت اسلامی پاکستان

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ
جیساکہ آپ کے علم میں ہے کہ میانمار(برما) کے صوبے اراکان میں گذشتہ کئی سالوں سے بد ترین مسلم کش فسادات جاری ہیں۔ روہنگیا مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کیاگیا ہے۔ عورتوں،بچوں سمیت ہزار وں مسلمان شہید کیے جا چکے ہیں۔ ان کی املاک کو آگ لگائی جاتی ہے۔ گاﺅں کے گاﺅں تباہ کئے گئے ہیں۔ مساجد شہید کردی گئی ہیں۔ مدارس بند ہیں ۔ لاکھوں مسلمانوں کو گھر بار چھوڑنے پر مجبور کردیا گیا ہے۔ کشتیوںکے ذریعے فرار ہونے کی کوشش میں ہزاروں افراد غرق ہوچکے ہیں۔ بنگلہ دیش ،ملائیشیا ، انڈونیشیا ودیگر ممالک میں لاکھوں پناہ گزین ہیں۔ اس المناک سانحے کی بنیادی وجہ حکومت کا وہ ظالمانہ اقدام ہے جس کی بنیاد پر لاکھوں مقامی روہنگیا مسلمانوں کو بیک جنبش قلم شہریت سے محروم کردیا گیاتھا۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ عالمی اداروں ، انسانی حقوق کی تنظیموں ، اسلامی کانفرنس اور دیگر حکومتوں نے اس صورت حال پر موثرگرفت نہیں کی اورلاکھوں انسانوں کو جو ریلیف مہیا کیا جانا چاہیے تھا وہ فراہم نہیں کیاگیا۔
جماعت اسلامی پاکستان اس معاملہ پر اس سے پہلے بھی میڈیا مہمات اور جلسوں ، ریلیوں ،مظاہروں کے ذریعہ بھرپور احتجاج کرچکی ہے۔ روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کی تازہ لہر کے حوالہ سے محترم سیدمنورحسن صاحب امیرجماعت اسلامی پاکستان نے قوم سے اپیل کی ہے ۔ 14جون 2013ء،جمعة المبارک کو مظلوم برمی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم احتجاج منایا جائے ۔ محترم امیرجماعت کی ہدایت پر گزارش ہے کہ !
1۔ کارکنان جماعت اپنے اپنے علاقوں کے آئمہ و خطباءمساجد سے مل کر انہیں خطبات جمعہ کے ذریعہ برمی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور ان کے لیے دعاﺅں کی اپیل کریں ۔
2۔ جہاں ممکن ہو مساجد ےا پریس کلبوں کے باہر مظاہرے کیے جائیں۔
3۔ اہم میڈیا سنٹرز پر سیمینارز منعقد کیے جائیں۔
4۔ حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا جائے کہ وہ مظلوم روہنگیا مسلمانوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائے۔
براہ مہربانی اس معاملہ کی اہمیت کے پیش نظر اپنے موثر احتجاج کی میڈیا کو ریج کو بھی اہمیت دیجیے ۔
دعاہے کہ اللہ کریم ہمارا حامی وناصر ہو ،آمین ۔
والسلام
(فرید احمد پراچہ )
نائب قیم جماعت اسلامی پاکستان
 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس