Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

انتخابات فنڈ2013ءکےحوالے سے قیم جماعت کا ذمہ داران جماعت کے نام سرکلر

بخدمت امرائے صوبہ ،حلقہ اور اضلاع جماعت اسلامی پاکستان
بخدمت قیمہ ،ناظمات صوبہ اور اضلاع حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان
بخدمت سربراہان برادر تنظیمات جماعت اسلامی پاکستان
بخدمت ذمہ داران و ناظمین شعبہ جماعت اسلامی پاکستان

السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ
اُمیدہےخیریت سےہوں گے۔
اللہ تعالیٰ اقامت دین اور دعوت الی اللہ کی اس جدوجہد میں آپ کے اخلاص ، کاوش اور ایثار کو قبول فرمائے اور اپنے نظامِ رحمت کے غلبہ سے ہمارے دلوں اورآنکھوں کو راحت پہنچائے۔
قلب ونظر کےفساداورمسائل و مشکلات کے انبار میں پاکستانی قوم ۵ سال بعد ایک بارپھر اپنے نمائندوں کے انتخاب کے ذریعے ملک کے دگرگوں حالات کو سنبھالا دینے کے لیے پُر امید ہے ۔ کئی دہائیوں سے جو روایتی قیادت ہمارے قومی اداروں میں سیاہ و سفید کی مالک رہی ہے ، آج کا پاکستانی معاشرہ انہی کی غلط ترجیحات ، مجرمانہ غفلت اور مصلحت کوشی کے بُرے اثرات سے دوچارہے۔ مایوسی،نااُمیدی ، بے یقینی نے ہر طرف ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں مگر وہ جو جنت کے مسافر اور پیغمبری کی اسوہ کے راہی ہوں کبھی بددل اور اور بے حوصلہ نہیں ہوتے۔ رات کی سیاہ کوکھ سے ہی سحر کی سپیدی نمودار ہوئی ہے۔اَلَآ اِنَّ نَصرَ اللّٰہِ قَرِیب اور وَ لَا تَھِنُوا وَ لَا تَحزَنُوا وَ اَنتُمُ الاَعلَونَ اِن کُنتُم مُّومِنِینَ کے مخاطبین جدوجہد کی طوالت سے مایوس نہیں ہوتے بلکہ اُمید اور یقین کو چراغ راہ بنا کر رضائے الٰہی کے لیے سرگرم عمل رہتے ہیں۔
طویل غور و خوض اور مشاورت کے بعد مرکزی نظم نے طے کیاہے کہ انتخابات فنڈ2013ءکےعنوان سےمختلف رقوم کے کوپنزکا اجراءکیا جائے۔ زیر نظر سرکلر اسی حوالے سے آپ کی خدمت میں ارسال کیاجارہاہے۔ آزاد عدلیہ ،مستعد میڈیا اور نسبتاً بااختیار الیکشن کمیشن کی بدولت توقع کی جارہی ہے کہ حالیہ انتخابات میں ماضی کی نسبت قواعد و ضوابط ،چیک اینڈ بیلنس کے لحاظ سے بہتر ثابت ہوں گے۔ تاہم اس سب کے باوجود انتخابات کے گراں بار اخراجات و ضروریات کا تخمینہ ،تلاش اور اس کے مناسب حال تقسیم کار ہر سطح کے ذمہ داران کے لیے بنیادی کام ہوگا۔ اس حوالے سے درج ذیل امور کا اہتمام مناسب ہوگا۔
i۔ ضلع/مقامی جماعت/حلقہ (جس سطح پر بھی کارکنان کا اکٹھا کیا جانا ممکن ہو )پر مرکزی اجتماع میں ان کوپنز کی تقسیم کار کا اعلان کیا جائے۔
ii۔ کوپنز کے ذریعے فنڈز کو ہر دو یعنی افراد اور تنظیم کی سطح پر لازم کیا جائے۔
iii۔ تمام وابستگان جماعت اپنی اپنی استعداد کے مطابق اپنے آپ اور گھر سے فنڈز کی وصولی کاآغاز کریں ۔ یہ باعث برکت بھی ہوگا اور ہماری اسلامی روایات کا احیاءبھی۔ مرکز کی سطح پر طے کیاگیاہے کہ ہر رکن کم ازکم 10,000روپے خود یا اپنے ذرائع سے جمع کرے گا۔
iv۔ ضلع ، تحصیل /زون /مقام /حلقہ کی سطح پر بالائی نظم سے کوپنز کی وصولی اور آگے اُن کے اجراءکا مکمل حساب رکھنے کا اہتمام پہلے سے تیار کرلیا جائے۔
v۔ انتخابات اگرچہ مئی کے پہلے عشرے میں متوقع ہیں مگر اخراجات نہ صرف شروع ہوچکے ہیں بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کے مطالبے اور حجم میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ اس لیے کوشش کیجیے کہ انتخابات فنڈز کی بذریعہ کوپنز وصولی کو 10/اپریل 2013ءسے قبل مکمل کرلیجیے کہ اس کے بعد الیکشن کی مخصوص سرگرمیاں اپنے عروج پر ہوں گی۔
vi۔ ہر سطح کا نظم محض کوپنز کی تقسیم تک محدود نہ رہے بلکہ خود اس کی پلاننگ میں شریک ہو اور روزانہ کی بنیاد پر اس اہم سرگرمی میں اپنا حصہ ڈالے۔
vii۔ ضرورت کے مطابق مختلف سطح پر موثر ،متّمول اور اہم افراد سے رابطوں ،ملاقات اور تعاون کے لیے تین تین افراد پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دیجئے۔ ایسے افراد کی فہرستیں پہلے سے کمیٹی اور ان کے ارکان کے پاس موجود ہوں تاکہ روزانہ ایک ترتیب اور شیڈول کے ساتھ ان افراد سے ملاقات کی جاسکے۔
ix۔ مرکز جماعت کی طرف سے وقتاً فوقتاً کارکنان جماعت کی ترغیب کے لیے انفاق فی سبیل اللہ کے موضوع پر تحاریر ،خطوط ، سرکلرز اور کتابچے جاری کئے جاتے رہے ہیں۔ اس مہم کی فضا بنانے کے لیے ضلعی /مقامی سطح پر ایسی کوئی بھی کوشش کارآمد ثابت ہوگی ۔
x۔ الیکشن فنڈ 2013ءکے کوپنز کے حوالے سے مرکزی ناظم مالیات کی تفصیلی ہدایات اس خط کے ساتھ منسلک ہیں۔ فنڈ ز جمع کرنے کی پوری مہم میں ان اُمور کوخاص طور پر پیش نظر رکھیں۔
xi۔ صوبہ جات اور حلقہ خواتین پر درج ذیل تفصیل کے مطابق الیکشن فنڈ عائد کیا گیاہے۔ (بحوالہ اجلاس مرکزی شوریٰ 22تا24فروری 2013ء)
پنجاب10کروڑ روپے           سندھ5کروڑروپے                بلوچستان1کروڑروپے       خیبر پختونخواہ2کروڑ روپے            حلقہ خواتین 5کروڑ روپے
اللہ تعالیٰ پر ایمان و توکل اور دین کی نصرت کے لیے محنت نہ صرف وسائل کی تلاش و تنظیم میں ہمارے ممد و معاون ثابت ہوگا بلکہ ان وسائل میں برکت بھی عطا فرمائے گا ۔ اپنی ساری کاوش و کوشش کو اللہ سے منسوب کریں اور دعا کریں کہ اللہ تعالیٰ قومی زندگی کے اس اہم مرحلے پر ہمیں اپنی تائید و نصرت اور مطلوبہ وسائل و صلاحیت سے نوازدے ،آمین ۔


والسلام
خاکسار
(لیاقت بلوچ )
قیم جماعت اسلامی پاکستان

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں

سوشل میڈیا لنکس