Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

یوم استغفار کے حوالے سے قیم جماعت کا علماء و خطبا کو خط

واجب الاحترام حضرات علمائے کرام و خطباءعظام
السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ
آپ پر رب رحیم کی رحمتیں ہوں۔
جیساکہ آپ جانتے ہیں کہ پاکستان گذشتہ ایک عرصے سے جن حالات سے دوچار ہے اس کی سنگینی آج کل اپنے عروج پر ہے۔ کوئٹہ، کراچی سے لے کر پشاور اور لاہور تک انسانی جانیں اور املاک جس بے دردی اور بے رحمی کے ساتھ لوٹی جارہی ہیں پاکستان کی 63سالہ تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ بدامنی ، دہشت گردی ،فسادات نے پوری قوم کو اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے۔ پاکستانی قوم کو اغیار نے اپنی سازشوں سے علاقائی ، لسانی ، مسلکی تقسیم سے دوچار کررکھاہے۔ پاکستان کی سالمیت کے خلاف بیرونی سازشیں علی الاعلان ہو رہی ہیں ۔ اسلامی نظریہ ¿ حیات سے لے کر جغرافیائی تقسیم تک کی باتیں ڈنکے کی چوٹ پر کی جارہی ہیں اور پوری قوم اب بھی اسباب کی دنیا میں اپنے مسائل کا حل تلاش کررہی ہے۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ ہمارا رب ہم سے ناراض ہو !!
آج اس بات کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے رب کو راضی کریں ۔اس سے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور انفرادی و اجتماعی طور پر استغفار اور رجوع الی اللہ کا اہتمام کریں ۔ جماعت اسلامی پاکستان نے 22مارچ 2013ءبروزجمعة المبارک کو ملک بھر میں ”یوم استغفار ودعا“ منانے کا اعلان کیاہے۔
چونکہ حضرات علمائے کرام ہی ہمیشہ اُمت کی رہنمائی فرماتے رہے ہیں۔ اس لئے آپ سے بالخصوص اپیل ہے کہ اپنے خطبہ جمعہ میں قرآن و حدیث کی روشنی میں استغفار کی ضرورت و اہمیت واضح فرمائیں اور اپنے مقتدیوں کو توجہ دلائیںکہ وہ توبہ ،استغفار اور رجوع الی اللہ کے لیے سب سے پہلے اپنی نیتوں کو خالص کریں۔ انفرادی و اجتماعی کوتاہیوں کا اعتراف ، حضوری قلب کے ساتھ اُس سے معافی ، خشوع و خضوع کی کیفیت ، ندامت کا احساس اور اللہ کی ناراضگی کا خوف اپنے اوپر طاری کریں تاکہ اللہ تعالیٰ کی رحمت جوش میں آئے۔اور وہ ہمیں انفرادی و اجتماعی طور پر معاف فرمادے ،آمین ۔اسی طرح نماز جمعہ کے بعد اجتماعی توبہ و استغفار اور رجوع الی اللہ کا اہتمام فرمائیں تاکہ قوم کی انفرادی و اجتماعی توبہ سے ہمارا رب ہم سے راضی ہواور ہم پر اپنی رحمتوں، برکتوں اور حفاظتوں کا سایہ فرمائے ۔
دعاہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی رحمت کو اس دھرتی کی طرف متوجہ فرمائے اور ہم سب کے حال پر رحم فرماتے ہوئے ہمارے مستقبل کو محفوظ ، روشن اور پاکیزہ بنائے،آمین۔
والسلام
خاکسار
(لیاقت بلوچ )
سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس