Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

امرائے صوبہ،حلقہ،اضلاع،قیمہ وناظمات صوبہ

بخدمت امرائے صوبہ ،حلقہ اور اضلاع جماعت اسلامی پاکستان
بخدمت قیمہ ،ناظمات صوبہ اور اضلاع حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان
بخدمت سربراہان برادر تنظیمات جماعت اسلامی پاکستان
بخدمت ذمہ داران و ناظمین شعبہ جماعت اسلامی پاکستان

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
اُمید ہے رمضان المبارک کی رحمتیں، برکتیں اور سعادتیں سمیٹنے کے بعد ایک نئے عزم اور ولولے سے میدان عمل میں مصروف جہاد ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کی جملہ عبادتوں،انفاق اور ایثار کو قبول فرمائے ۔ حقیقت تو یہ ہے کہ مومن کی زندگی کا کوئی لمحہ جدوجہد کے بغیر نہیں گزرتا۔ عصرِ حاضر کے چیلنجز ایک مرد مسلمان کو فارغ نہیں بیٹھنے دیتے اور یہی حرکت زندگی سے عبارت ہے ، اور اسی کی بنیاد پر ہم اللہ تعالیٰ سے مغفرت اور انعام کے امیدوار و طلبگار ہوں گے۔
عالمی اداروں اور بین الاقوامی ایجنسیوں نے اپنے فلسفے ، ترجیحات ، تقاضوں اور ایجنڈے کے پیشِ نظر سال کے ہر مہینے بلکہ ہر ہفتے اور دن کوکسی نہ کسی ایشوسے موسوم کیا ہوا ہے ۔ان ایام میں جانوروں سے لے کر ماحولیات، منشیات سے لے کر ادویات اور مزدوروں سے لے کر بچوں تک کے لیے عوامی شعور بیدار کیا جاتاہے ۔ دنیا بھر کے ادارے ،ریاستیں اور تنظیمات ان ایام کو ایک مخصوص پس منظر میں مناتے ہیں اور یوں اس حوالے سے ایشوز کو نمایاں کیا جاتاہے۔
تحریکات اسلامی اپنے ایشوز ، ایجنڈے اور اُمت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے وقتاً فوقتاً اقدامات کا اعلان کرتی ہیں ۔ اگرچہ ان میں غالب اپیل ان اہل ایمان کے لیے ہے جو کفر کی بالادستی میں اپنے دینی ، آئینی اور جمہوری حقوق کے لیے برسرپیکار اور مصروف جہاد ہیں تاہم اس کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر اُمت کے ایشوز کو نمایاں کرنے کی عملی سعی الحمدللہ جاری و ساری ہے جس کی ایک کڑی 4ستمبر’’یوم حجاب ‘‘ ہے۔ جسے گذشتہ کئی سالوں سے دنیا بھر کی تحریکات اسلامی منا رہی ہیں۔ مغرب میں بالعموم اور یورپ میں بالخصوص مسلمان عورت اور اس کی دینی شناخت کے اظہار کو مشکل تر بنایا جارہاہے۔ پارلیمنٹ میں قانون سازی سے لے کر میڈیا ٹرائل اور اس سے آگے بڑھ کر اسلامی تصورات کی تنقیص تک بات جا پہنچی ہے۔ اس تناظر میں آپ سے گزارش ہے کہ اپنے ضلع/ضلعی صدر مقام اور اہم شہروں میں اس دن کے حوالے سے کوئی نہ کوئی سرگرمی ضرور منعقد کریں ۔ یہ پروگرام حلقہ خواتین کی مشاورت اور معاونت سے بھی کیاجاسکتاہے اور آپ اپنے طور پر سیمینار ، مذاکرہ، مقامی اخبارات میں مضامین اور مراسلوں کے ذریعے 4ستمبر ۔۔۔عالمی یوم حجاب کو نمایاں کرسکتے ہیں۔ ضلعی ITاور سوشل میڈیا کی ٹیم اس دن کا پیغام موبائل ،انٹرنیٹ ، فیس بک کی مدد سے سینکڑوں بلکہ ہزاروں افراد تک پہنچ سکتی ہے۔
اُمید ہے آپ اس حوالے سے فوری مشاورت کرکے اقدامات طے فرمائیں گے۔اللہ کریم ہمارا حامی وناصر ہو ،آمین۔
والسلام،خاکسار


لیاقت بلوچ
قیم جماعت اسلامی پاکستان
 

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں

سوشل میڈیا لنکس