Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

بجلی بحران اور اس کا حل


  1. تحریر سینیٹر سراج الحق 
    امیر جماعت اسلامی پاکستان  

    سینیٹر منتخب ہونے سے قبل میں دو بار صوبہ خیبر پختونخوا کا وزیر خزانہ رہ چکاہوں ۔ جس مسئلے پر مجھے سب سے زیادہ فون اور طعنے سننے پڑتے ہیں اور ووٹرز کا غصہ برداشت کرنے پر مجبور ہوتاہوں ، وہ لوڈشیڈنگ ہے ۔ اس وقت بجلی کا مسئلہ ہر فرد کا مسئلہ بن چکاہے اور اگر اس پر جلد قابو نہ پایا گیا تو بپھرے ہوئے عوام کچھ بھی کر گزرنے پر تیار ہو جائیں گے ۔
    بجلی کی لوڈشیڈنگ پاکستان کے ان سنگین مسائل میں سے ہے جن کو ایک سال میں حل کرنے کے دعوﺅں کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت 2013 ءمیں برسراقتدار آئی تھی لیکن پانچ سال حکومت کرنے اور تمام تر دعوﺅں کے باوجود حکمران پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب ان الفاظ کے ساتھ رخصت ہوئے ہیں ” اب آپ جانیں اور لوڈشیڈنگ “ ۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں شدید ترین گرمی کے باوجود ملک کے تقریباً تمام علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے طویل دورانیے حکمران جماعت کی کارکردگی کا پول کھول رہے ہیں ۔ صرف یہی نہیں بلکہ توانائی کے شعبہ کی بد انتظامی کا واضح ثبوت وہ گردشی قرضہ ہے جس کی موجودہ مالیت 400 ارب سے زائد ہے اور جس مد میں گزشتہ ماہ 80 ارب روپے کی ادائیگی پر آڈیٹر جنرل پاکستان نے شدید اعتراضات اٹھائے ہیں ۔ زیر نظر مضمون میں اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ پاکستان میں توانائی کے بحران کے جعلی اسباب کا ایک مختصر جائزہ پیش کرتے ہوئے دیرپاحل کے لیے دستیاب طریقوں میں سے بہتر طریقہ تجویز کیا جاسکے ۔ 
    پاکستان میں اس وقت بجلی کی ضرورت کا تخمینہ 22ہزار سے 24 ہزار میگاواٹ تک کا ہے اس طلب میں ہر سال تقریباً پانچ فیصد کی شرح سے ایک ہزار سے بار سو میگاواٹ کی طلب کا اضافہ ہو جاتاہے ۔اس طلب کے مقابلے میں بجلی کی پیداوار 18ہزار میگاواٹ سے نہیں بڑھ سکی ہے ۔ حکومت کے دعوے تو 24 ہزار میگاواٹ کی پیداوار کے بھی رہے ہیں مگر حکومتی ادارے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن کمیٹی (NTDC) کے ذرائع بھی حکومتی دعوﺅں کی تصدیق نہیں کرتے اس لیے کہ اس ادارے کا بجلی کی ترسیل و تقسیم کا نظام 18ہزار میگاواٹ سے زیادہ کی صلاحیت نہیں رکھتا ۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ بجلی پیدا کرنے والے کئی نئے اداروں بشمول سندھ میں پیدا ہونے والی ہوائی توانائی Wind Powar پیدا کرنے والے اداروں کو ایک مخصوص حد سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ۔بجلی کی پیداوار اور ترسیل کی صلاحیتوں کے درمیان فرق بھی ہمارے فیصلہ کرنے والے اداروں کی نااہلی کا اظہار ہے ۔ پیداوار اور ترسیل و طلب میں اسطرح سے تقریباً 6ہزار میگاواٹ کا فرق موجود ہے جس کا اظہار پورے ملک میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ سے ہوتاہے ۔ یقیناً اس پانچ سالہ دور حکومت میں بجلی پیدا کرنے کے کئی منصوبے مکمل کیے گئے لیکن اس کے باوجود بھی طلب و رسد کے درمیان فرق جو 2013 ءمیں تقریباً پانچ ہزار میگاواٹ تھا ، اب بڑھ کرچھ ہزار میگاواٹ ہوچکاہے ۔ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں مکمل کیے جانے والے بجلی کے منصوبوں کا اگر جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ اس حکومت نے صرف ایل این جی اور کوئلہ سے پیدا کی جانے والی بجلی کے منصوبوں کا آغاز کیا اور مکمل کیا جبکہ برقابی توانائی Hydro Powar اور جوہر ی توانائی کے صرف وہ منصوبے مکمل ہوئے ہیں جو موجودہ حکومت سے کئی سال پہلے شروع ہوچکے تھے اور 2013 ءمیں تکمیل کے آخری مراحل میں تھے ۔ یہی صورتحال قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی ہے جس میں ہوائی اور شمسی توانائی کے منصوبے بھی شامل ہیں ۔ یہ صورتحال واضح طور پر بتارہی ہے کہ حکومت کی ترجیحات میں وہ منصوبے شامل نہیں ہیں جن سے بجلی کسی بیرونی ذریعہ ، مثلاً ایل این جی یا درآمدشدہ کوئلہ کے بغیر چل سکیں ۔ اس صورتحال کا یہی نتیجہ ہے کہ گردشی قرضے چار سو ارب سے اوپر ہوچکے ہیں جس رقم سے حکومت 2 ہزار میگاواٹ کے ہوائی ، شمسی یا برقابی توانائی کے منصوبے مکمل کر سکتی تھی ۔ اس حوالے سے یہ امر بھی محل نظر رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ جس سے 6.4 ملین ایکڑ فٹ پانی کے علاوہ 4500 میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکتی ہے اور جو اس کے نیچے Powar Stram میں بننے والے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی بھی پیداواری صلاحیت میں کم از کم 30 فیصد کا اضافہ کر سکتاہے اس انتہائی اہم پراجیکٹ کو جو 2013 ءسے بھی بہت پہلے سے ہر لحاظ سے تیار تھا ،عملی آغاز کی طرف ایک قدم بھی نہیں بڑھا یا گیا ۔ ہاں البتہ خاقان عباسی صاحب نے اپنی رخصتی سے ایک ماہ قبل ECNEC سے 474 ارب روپے کی منظوری کا اعلان کر کے حاتم طائی کی قبر پر لات ماری ہے یہی منظوری اگر 2013 ءمیں کر کے عملدرآمد کا آغاز کیا جاتا اور لیپ ٹاپ کی تقسیم جیسے غیر منافع بخش منصوبوں کی بجائے سو ارب روپے سالانہ اس کام پر خرچ کیے جاتے تو کم از کم ڈیم اور آبی ذخیرہ تو تیار ہو جاتا اور اس تیار منصوبے پر بجلی کی پیدوار کے لیے ضروری سہولیات کی تنصیب کے لیے عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے جھولی پھیلانے کی بجائے بجلی کے پیداواری آلات بنانے والے اداروں سے بعد میں ادائیگی کی شرائط پر تنصیب کا آغاز کیا جاسکتا تھا لیکن ”کون جیتاہے تیری زلف کے سرہونے تک “ کے مصداق اس منصوبے پر جو چاہے قوم کے لیے کتنا ہی ناگزیر ہو ، پیسے خرچ کرنے کی زحمت کیوں کی جاتی جس کی تکمیل اور افتتاح حکومت کے پانچ سالہ دور میں ممکن نہیں تھا ۔ یہی وہ ستم ظریفی ہے جس کی وجہ سے اتنا اہم منصوبہ پرویز مشرف اور یوسف رضا گیلانی کے ہاتھوں کئی سال پہلے سنگ بنیاد رکھے جانے کے باوجود آج تک نہ ہی اس کی زمین پر تعمیر کاآغاز ہوا ہے اور نہ ہی کسی واقعی عملی اقدام کو اٹھایا گیاہے ۔ ہائیڈروپاور یا برقابی توانائی پاکستان کے لیے سب سے پائیدار اور سستی بجلی پیدا کرنے کا ذریعہ ہے لیکن گزشتہ حکومت نے حسب سابق اس شعبہ کو تقریباً نظر انداز کیے رکھا اور ایل این جی اور کوئلہ کو نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر اپنی ترجیح اول بنائے رکھا ۔ یاد رہے کہ محدود مدت کے لیے تو یہ منصوبے مسئلہ کا حل کر سکتے ہیں لیکن طویل المدت بنیاد پر اپنی پیداواری لاگت اور درکار برآمدی گیس یا کوئلہ کی زرمبادلہ میں ادائیگی کی وجہ سے پائیدار ترقی اور قابل انحصار وسیلہ توانائی کے طور پر اختیار نہیں کیے جاسکتے ۔ اب تک پانی و بجلی کے وفاقی ادارے WAPDA کی تحقیقات کے مطابق تقریباً ایک لاکھ میگاواٹ بجلی برقابی ذرائع سے پیدا کرنے کی گنجائش پاکستان میں موجو د ہے جس میں سے تقریباً 65 ہزار میگاواٹ کے منصوبوں پر ابتدائی سطح سے لے کر تفصیلی ڈیزائن کے کام کیے جاچکے ہیں ۔یہی معاملہ پاکستان میں قابل تجدید توانائی Renewable Enrgy کے دیگر ذرائع ہوائی اور شمسی توانائی کے ساتھ بھی کیا گیاہے ۔ جلنے والے توانائی کے ذرائع) (Fossil Fuel کے دنیا بھر میں کم ہوتے ذرائع اور ماحولیاتی آلودگی کے مسائل نے دنیا بھر میں توانائی کی صنعت کا رخ بالکل تبدیل کردیاہے اور تمام تر ترقی یافتہ ممالک بشمول امریکہ ، چین اور جرمنی کے علاوہ ہمارا پڑوسی ملک بھارت بھی بہت تیزی کے ساتھ اب حرکی توانائی (Thermal Enrgy) سے تبدیل کر کے قابل تجدید توانائی کو بڑھا رہے ہیں۔ چین میں ہوائی توانائی پیدا کرنے کے موجودہ پلانٹس کی پیداواری صلاحیت 114 ہزار میگاواٹ اور شمسی توانائی کے پلانٹس کی پیداواری صلاحیت 28 ہزار میگاواٹ ہے۔ جرمنی جو پاکستان کے مقابلہ میں رقبہ میں نصف سے بھی کم ہے ، اس وقت 39 ہزار میگاواٹ ہوائی بجلی پیدا کر رہاہے جبکہ شمسی حدت Sunshine کے سالانہ گھنٹوں کی تعداد بھی پاکستان سے تقریباً نصف ہونے کے باوجود شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کی جرمنی کی صلاحیت 38 ہزار میگاواٹ ہے تو کیا ہم پاکستان میں اپنی طلب جو ابھی 30 ہزار میگاواٹ تک بھی نہیں پہنچی ، برقابی بجلی کے ساتھ ساتھ ہوائی اور شمسی توانائی کے ذرائع استعمال کر کے نہ صرف ارزاں ، پائیدار ،زر مبادلہ کے خرچ سے محفوظ اور ماحول دوست پلانٹس لگا کر اپنی ضروریات نہیں پوری کر سکتے ؟اس حوالے سے امریکی ادارے نیشنل رینوبل انرجی لیبارٹری( NREL ) کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہوائی اور شمسی توانائی کی ناقابل یقین حد تک گنجائش موجود ہے ۔شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کی گنجائش کا تخمینہ NPEL سے 2900 ہزار میگاواٹ کا لگایا ہے جو ہماری موجودہ طلب سے سو گنا زیادہ ہے ۔ جبکہ ہوائی توانائی پیدا کرنے کی گنجائش پاکستان میں 346 ہزار میگاواٹ ( پاکستان کی موجودہ طلب سے پندرہ گنا زیادہ )ہے ۔کیا ہم اللہ تعالیٰ کی عطا کی گئی ان عظیم نعمتوں ہوا ، پانی اور سورج کے ذریعے فراہم کردہ لامتناہی اور کبھی نہ ختم ہونے والے برقی توانائی کے ذرائع کو نظر انداز کر کے غیر ملکی سرمایہ کاری ، قرض اور سود کے ساتھ ساتھ خطیر زرمبادلہ کے اخراجات کو ترجیح دے کر ناشکر ی کا بھر پور مظاہرہ نہیں کر رہے ؟
    حقیقت یہ ہے کہ اب وقت آگیاہے کہ ہم بحیثیت قوم اپنے مفادات کا تحفظ کرنا سیکھیں اور اپنے حکمرانوں کو مجبور کریں کہ اپنے وقتی مالی مفادات کی خاطر غلط ترجیحات کے تعین کی بجائے ملک کی توانائی کی پالیسی کو صحیح رخ پر ڈالیں ۔ اگر ہمیں پاکستان میں لوڈشیڈنگ سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کر نی ہے اور قوم کو صنعتوں کے لیے ، تجارت کے لیے اور گھروں کے لیے قابل استطاعت قیمت پر ارزاں بجلی فراہم کرنی ہے تو ہمیں درآمدی تیل ، گیس اور کوئلہ پر انحصار ختم کر کے قدرت کی فراہم کردہ پانی ، ہوا اور سورج کی توانائی کے ذرائع کو بروئے کار لانا ہوگا ۔ پوری دیانتداری اور اخلاص کے ساتھ ترجیحات کا تعین کرنا ہوگا ۔ بیرونی قرضوں سے نجات اور زرمبادلہ کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو لگا م دینی ہوگی ۔ ملک میں موجود سرمایہ کا رخ اپنی پالیسی میں تبدیل کر کے ملکی سرمایہ کاروں کے لیے قابل کشش مواقع پیدا کرنے ہوں گے تاکہ حکومتی سرمایہ کے ساتھ ساتھ ملکی سرمایہ کاروں کا رخ اور توجہ شمسی اور ہوائی توانائی کے چھوٹے سے لے کر بہت بڑے منصوبوں کی جانب کیا جاسکے ۔ہمیں موقع ملا تو ہائیڈل پاور پر توجہ دیں گے اور تیل اور گیس کے مہنگے منصوبوں کی بجائے پانی ،ہوا اور سورج کی روشنی سے بجلی پیدا کرنے کے پاورا سٹیشن قائم کریں گے ۔
     


 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس