Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

علماء کرام کو معاشرے میں برائیوں کے سد باب کیلئے مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ذکر اللہ مجاہد

  1. لاہور 26جنوری 2018ء: امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہاہے کہ معاشرے کو درست سمت میں لے جانے  اور اس کے اندر پھیلنے والی برائیوں کے سد باب کیلئے علما کرام کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روزانہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں علماء کرام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلا س میں قاری عطاالرحمن ، مولانا مختار احمد سواتی ، مولانا مفتی محمد عمر ، قاری وقار احمد چترالی ،مولانا اسد اللہ ،مولانا شیر محمد عباس، مولانا محمد نعیم عابد ، قاری عبدالجبار عابدو دیگر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں تہذیبی جنگوں کا دور دورہ ہے۔ علما ء و مشائخ کو تہذیبی تقاضوں اور شرعی احکام کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشرے اصلاح کیلئے حکمت عملی وضع کرنی ہوگی اور شرعی احکام کے اندر رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر جانبدار ہو کر عد ل و انصاف کے ساتھ امن قائم رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ ائمہ مساجد اور علما کرام کی بھی اہم ذمہ داری ہے کہ وہ ممبر ومحراب کے ذریعہ لوگوں کی قرآن وسنت کے مطابق صحیح رہنمائی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ علما کرام کا کردار معاشرے کو درست سمت کے جانے میں اہمت کا حامل ہے ، علماکرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاشرے کے اندر پھیلنے والی تمام برائیوں کا ادارک کر کے ان کا سد باب کریں ۔ اس وقت مغربی تہذیبیکی  یلغار ہے اور ناچ گانے کے کلچر کو فروغ دینے کی کوششیں کی جار ہی ہیں ، معاشرتی خرابیوں کی سبب انسانیت سوز واقعات رونما ہو رہے ہیں۔ معاشرتی برائیاں نوجوان نسل کے نظریات کو کھوکھلا کر رہی ہیں ، دوسر ی جانب دشمن مذہبی ، لسانی و دیگر تعصبات کے ذریعے وطن عزیز کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ۔ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ان حالات میں علماء کرام کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر درپیش خطرات کا مقابلہ کرنا ہوگا ہم جب دنیا بھر میں ابھرتی تحاریک کا جائزہ لیتے ہیں تو علما کا ہر دور میں ہراول دستے کا کردار نظر آتاہے ۔ لوگوں کو دین کے ساتھ جوڑنے اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے ہمیں تمام تر مسلکوںسے بالا تر ہو

    کر اتحاد امت کیلئے کام کرنا ہو گا ۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس