Jamaat-e-Islami Pakistan | English |

جماعت اسلامی کا یوم تاسیس




  1.                 مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی قیادت میں قائم ہونے والی75تاسیسی ارکان پر مشتمل جماعت اسلامی آج ایک تناور درخت بن چکی ہے۔ خدا کے فضل سے جماعت کا لٹریچر اور اس کی دعوت کے اثرات کرہ ارض کے گوشے گوشے میں جہاں مسلمان ہیں پہنچ چکے ہیں اور روز افزوں ہیں۔ جماعت اسلامی عالمی اسلامی تحریکوں کی سرخیل کا کردار ادا کررہی ہے۔ اندرون ملک جماعت اسلامی کے شاندا رماضی نے اس کے تابناک مستقبل کی راہ متعین کردی ہے۔  ایک زمانہ جماعت اسلامی کی خدمات، خواہ وہ خدمت خلق کے حوالے سے ہوں ، دفاع وطن کے حوالے سے ہوں، جمہوریت کی بحالی اور اسلامی نظام حکومت کے قیام اور آئین پاکستان کی تدوین کے لئے ہوں یا ملک میں سیکولرزم اور فاشزم کا راستہ روکنے کے حوالے سے ہوں کا معترف ہے۔ جماعت اسلامی کی تنظیم ’طریقہ کار‘اپنے کاز سے کمٹمنٹ ، خدمت و اخلاص اور صلاحیتوں کا دشمن بھی اعتراف کرتے ہیں۔ جہاد کشمیر اور جہاد افغانستان میں جماعت اسلامی نے بنیادی کردار ادا کیاہے۔

                    جماعت اسلامی کوئی عام سیاسی ، مذہبی یا اصلاحی جماعت نہیں ہے، بلکہ یہ وسیع معنوں میں ایک اصولی جماعت ہے جوپوری انسانی زندگی پر محیط اسلام کے جامع اور عالمگیر نظریہ حیات کی علمبردار ہے اوراپنے نظریہ کو زندگی کے ہر شعبے میں عملاً نافذ کرنا چاہتی ہے۔ جماعت اسلامی کے نزدیک دنیا کے بگاڑ کا حقیقی سبب خدا اور آخرت سے بے نیازی اور حضور رسالتمآبؐ کی رہنمائی سے روگردانی ہے۔ اس کے نزدیک دنیا میں جب ، جہاں اور جس شعبہ زندگی میں بھی خرابی پیدا ہوئی ہے ، اس کی تہہ میں یہی بنیادی سبب کارفرما رہاہے اور کوئی اصلاح اس کے بغیر ممکن نہیں ہے کہ خدا کی اطاعت ، آخرت کی جوابدہی کے احساس اور حضور رسا لتمآبؐ کی رہنمائی کو نظام زندگی کی بنیاد بنایاجائے۔ اس کے بغیر کسی مادہ پرستانہ نظریہ کی اساس پر عدل قائم کرنے کی جو بھی کوشش کی جائے گی وہ نئے ظلم کی شکل اختیار کر لے گی، اصلاح کا ذریعہ نہیں بنے گی۔ پاکستان کی تاریخ جماعت اسلامی کے اس نظریے کی گواہی دے رہی ہے کہ آج قیام پاکستان کے طویل عرصے بعدبھی ہم گمنام راہوں میں بھٹک رہے ہیں اور دن بدن غیروں کے دست نگر اور غلامی کے شکنجے میں جکڑے جارہے ہیں اور اس سے نجات کی کوئی صورت نظر نہیں آرہی ۔

                    جماعت اسلامی کوئی قوم پرست یا وطن پرست جماعت بھی نہیںہے بلکہ اس کا نظریہ عالمگیر ہے اور پوری انسانیت کی فلاح اس کے پیش نظرہے۔جماعت اسلامی پاکستان کو ایک فلاحی مملکت بنانا چاہتی ہے اور اس کی ساری جدوجہد اسی نقطے پر محیط ہے۔

 
 
 
 
     ^واپس اوپر جائیں









سوشل میڈیا لنکس